انقرہ، 11 فروری (رائٹر) ایران نے پیر کے روز دیسی تکنیک سے تیارزمین سے زمین پر طویل دوری تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے دومیزائلوں کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔ اس میں ایک بیلسٹک میزائل بھی ہے۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے سائنسدانوں کو بھیجے گئے اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہاہے کہ ایران کے سپوتوں نے نئی نسل کے میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دہگان نے سرکاری ٹیلی ویژن پر کہا کہ نئی نسل کے لمبی دوری تک مار کرنے والے بیلسٹک “بینا‘‘میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔ بینا کے معنی ہیں تیز نگاہ والا۔ یہ میزائل دشمن کے اہم فوجی ٹھکانوں ،ٹینک، پل اور کما ن مراکز کو نہایت کامیابی کے ساتھ اپنا نشانہ بناسکتا ہے۔ بریگیڈیئر دہگان نے بتایا کہ دشمن کے راڈر اس میزائل کو پکڑ نہیں سکتے۔ایران نے اس میزائل کی رینج کی کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔اس کے علاوہ ایران سائنس دانوں نے لیزر گائیٹیڈ سے لیس اور سطح سے سطح اور ہوا سے ہوا میں مار کرنے والے میزائلوں کا بھی کامیاب تجربہ کیا ہے۔اس سے قبل ایران کے پاس تقریباً 2000 کلو میٹر کی دوری تک مار کرنے والے شہاب میزائل کا ذخیرہ موجود ہے۔