ہالینڈ کے شہر یوتریخت میں مسلح شخص کی جانب سے ٹرام پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
یوتریخت کے مغربی حصے میں ٹرام اسٹیشن کے قریب واقع اسکوائر کو حکام نے گھیرے لے لیا ہے اور جائے وقوع پر ایمرجنسی سروس سمیت ریسکیو ادارے پہنچ چکے ہیں۔
فائرنگ کا واقعہ 24اوکتو برپلین جنکشن پر مقامی وقت کے مطابق صبح 10بجکر 45منٹ پر پیش آیا اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے کے لیے تین ہیلی کاپٹر بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔
مذکورہ واقعے میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے جس کی لاش پولیس کو شیٹ میں لپٹی ہوئی ملی۔
یوتریخت پولیس نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور ہم معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں۔
پولیس نے ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ وہ سڑک سے دور رہیں تاکہ ریسکیو کے کاموں میں مشکلات پیش نہ آئیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ہم واقعے میں دہشت گردی کے عنصر کی بھی تفتیش کر رہے ہیں۔
ڈچ وزیر اعظم مارک روٹے نے کہا کہ وہ فائرنگ کے بعد ہنگامی بنیادوں پر گفتگو کر رہے ہیں۔
عینی شاہد کے مطابق مسلح حملہ آور نے ٹرام پر بلااشتعال فائرنگ کی جبکہ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملہ آور واردات کے بعد گاڑی میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعے کے بعد ٹرام سروس کو منسوخ کردیا گیا۔