کربلا کی شیر دل خاتون حضرت زینب کبری سلام اللہ علیہا کے یوم وفات کی مناسبت سے شام، عراق، لبنان اور ہندوستان و پاکستان نیز پورا ملک اسلامی جمہوریہ ایران سیاہ پوش اور سوگوار ہے اور مختلف شہروں اور علاقوں میں مجالس عزا اور نوحہ و ماتم کا سلسلہ جاری ہے۔
ثانی زہرا حضرت زینب کبری سلام اللہ علیہا کے یوم وفات کی عزاداری میں شرکت کے لئے بہت بڑی تعداد میں لوگ شام کے دارالحکومت دمشق پہنچے ہیں۔
شب وفات کے موقع پر ہونے والی مجلس عزا میں شام میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے آیت اللہ سید ابوالفضل طباطبائی، دمشق میں ایران کے سفیر جواد ترک آبادی اور شام، ایران، عراق، بحرین، لبنان، پاکستان اور ہندوستان نیز افغانستان کے ساتھ ساتھ مختلف ملکوں سے شام پہنچے ہوئے زائرین نے شرکت کی۔
ایران کے مختلف شہروں میں بھی مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا ہے اور مختلف مقامات خاص طور سے مساجد اور امام بارگاہوں کو سیاہ پوش کیا گیا ہے اور خطبا و ذاکرین کرام، کربلا کی شیر دل خاتون حضرت زینب کبری سلام اللہ علیہا کے فضائل و مصائب بیان کر رہے ہیں۔
مشہد مقدس میں فرزند رسولۖ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ مطہر اور قم المقدسہ میں آپ کی خواہر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضہ اقدس میں اہلبیت اطہار علیہم السلام کے عقیدت مندوں کا ہجوم ہے اور یہ عزادار، حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی شب وفت کی مناسبت سے اشک غم بہاتے ہوئے ان مقدس بارگاہوں میں نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
عراق کے مختلف مقدس شہروں میں بھی مقدس مقامات پر آپ چاہنے والوں کا تانتا لگا ہوا ہے اور یوم رحلت کی مناسبت سے آپ کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
ہندوستان اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں بھی مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے اور تابوت برآمد کیا جا رہا ہے۔