آکسفورڈ یونیورسٹی رواں سال 8 افراد کو اعزازی ڈگری دے گی، جس میں پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان کا نام بھی شامل ہے۔
لندن میں انکائینیا کے نام سے ہونے والی اس سالانہ تقریب میں گلوکار یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈگری حاصل کریں گے۔
یونیورسٹی کی جانب سے راحت فتح علی خان کا تعارف ’صوفیانہ موسیقی قوالی کے پاکستانی گلوکار کے طور پر کیا گیا ہے‘۔
اگر راحت فتح علی خان کی بات کی جائے تو انہوں نے اس گھرانے میں آنکھ کھولی جو جنوبی ایشیائی روایتی موسیقی کی پہچان سمجھا جاتا ہے، انہوں نے 7 سال کی عمر میں اپنی باقاعدہ تربیت کا آغاز کیا اور اب تک وہ 50 سے زائد البم ریلیز کرچکے ہیں۔
یہی نہیں وہ دنیا بھر میں مختلف بڑے کانسرٹس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے ہیں اور انہیں عالمی شہرت حاصل ہے جبکہ وہ آن لائن ایک ارب ویوز حاصل کرچکے ہیں۔
یونیورسٹی نے تعارف میں مزید لکھا کہ ’راحت فتح علی خان نے ٹیلی ویژن سیریلز کے 50 سے زائد ٹائٹل ٹریک گائیں ہیں اور وہ ہالی وڈ اور بالی وڈ دونوں میں 100 سے زائد فلموں کے گیت گا چکے ہیں‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس ریہرسل ہال کو راحت فتح علی خان کا نام دیا گیا تھا اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انہیں اعزازات ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔
برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈگری دینے کی تقریب 26 جون کو ہوگی۔