دبئی۔نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹسٹ میچ 40 رن سے گنوانے کے بعد ہندوستان کا آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں دوسرا مقام خطرہ میں پڑ گیا ہے ۔آسٹریلیا اگر جمعرات سے جنوبی افریقہ کے خلاف شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب رہتا ہے تو ہندوستان نیچے کھسک جائے گا ۔ہندوستان ابھی دوسرے مقام پر قابض ہے لیکن وہ نیوزی لینڈ سے دو میچوں کی سیریز میں 0-1 سے پچھڑ رہا ہے۔جنوبی افریقہ 133 پوائنٹس لے کر ٹیبل میں سب سے اوپر ہے۔آسٹریلیا 111 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے ۔سیریز کا کوئی بھی نتیجہ رہے اس سے جنوبی افریقہ کی پوزیشن پر اثر نہیں پڑے گا اور وہ نمبر ایک رہے گا تاہم ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے مقام ک
ے لئے سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔آسٹریلیا سیریز جیتنے پر دوسرے مقام پر پہنچ جائے گا ۔ایسی صورت میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 14 فروری سے شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ میچ کے نتائج کا اس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔آئی سی سی کے بیان کے مطابق اگر ہندوستان دوسرا ٹسٹ میچ بھی نہیں جیت پاتا ہے تو آسٹریلیا کو دوسرے مقام پر پہنچنے کے لئے سریز صرف ڈرا کروانی ہوگی۔اگر آسٹریلیا سیریز گنوا دیتا ہے تو اس کی ٹیبل میں اس کی رینکنگ میں تبدیلی نہیں ہو گی۔وہیں چتیشور پجارا اور آر اشون آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں بھلے ہی ایک نمبر نیچے کھسک گئے ، لیکن اب بھی وہ بالترتیب بلے بازی اور گیند بازی میں سب سے اوپر دس میں شامل اکیلے بھارتی کھلاڑی ہیں۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ختم ہوئے پہلے ٹسٹ میچ کے بعد پجارا بلے بازوں کی فہرست میں چھٹے ، جبکہ اشون گیند بازوں کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر ہیں۔ہندوستان یہ میچ 40 رنز سے ہار گیا تھا۔دیگر ہندوستانیوں میں وراٹ کوہلی بلے بازی رینکنگ میں 11 ویں مقام پر بنے ہوئے ہیں ، جبکہ مہندر سنگھ دھونی پانچ نمبر نیچے 33 ویں مقام پر کھسک گئے ہیں۔روہت شرما سات پائیدان اوپر 36 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں ، جبکہ میچ میں سنچری جڑنے والے شکھر دھون نے 31 مقام کی لمبی چھلانگ لگائی ہے اور وہ 58 ویں مقام پر قابض ہو گئے ہیں۔گیند بازوں میں اشون کے بعد ہندوستان میں پرگیان اوجھا کا نمبر آتا ہے جو دو نمبر نیچے کھسکنے کے باوجود 11 ویں مقام پر ہیں۔تیز گیند بازظہیر خان فہرست میں 22 ویں مقام پر بنے ہوئے ہیں۔ہندوستان کی طرف سے پہلی اننگز میں چھ وکٹ ایشانت شرما چھ نمبر اوپر 25 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں ، جبکہ اسپنر رویندر جڈیجہ ایک پائیدان نیچے 24 ویں مقام پر کھسک گئے ہیں۔تیز گیند باز محمدسمیع دو پائیدان اوپر 41 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں ۔اس درمیان سری لنکا کے کمار سنگاکارا بنگلہ دیش کے خلاف چٹگاو ٹسٹ میں 424 رن بنانے کے ساتھ ہی پانچ نمبر کی چھلانگ لگا کر بلے بازی کی درجہ بندی میں دوسرے مقام پر پہنچ گئے۔سنگاکارا نے اس میچ میں 319 اور 105 رن بنائے۔سنگاکارا کو اپنے اس کوشش سے 58 ریٹنگ پوائنٹس کا فائدہ ہوا۔اب وہ تیسرے نمبر پر قابض شیونرائن چندرپال سے تین ریٹنگ پوائنٹس آگے اور سب سے اوپر پر چل رہے اے بی ڈولیرس سے 33 پوائنٹس پیچھے ہیں۔تازہ درجہ بندی میں نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر پانچویں مقام پر کھسک گئے ہیں۔ٹیلر کے علاوہ نیوزی لینڈ کے دیگر بلے بازوں میں کین ولیمسن اور برینڈن میک کولم اوپر 20 میں شامل ہیں۔ان دونوں نے آکلینڈ ٹسٹ میں سنچری جمائی تھی۔پہلی اننگز میں 113 رنز بنانے والے ولیمسن چار نمبر اوپر 19 ویں مقام پر آ گئے ہیں، جو ان کے کیریئر کی بہترین رینکنگ ہے۔میک کولم نے 15 نمبر کی چھلانگ لگائی ہے اور وہ 20 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ گیند بازوں کی فہرست میں تین نمبر اوپر ساتویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔یہ ان کے کیریئر کی بہترین درجہ بندی بھی ہے۔ان کے ساتھی گیند باز ٹم سائوتھی پہلی بار ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔وہ چار نمبر چڑھ کر دسویں مقام پر پہنچ گئے ہیں ۔