دنیا کی تقریبا سبھی ٹیمیں کرکٹ ورلڈ کپ کو لے کر اپنی تیاریوں میں مصروف ہوگئی ہیں ۔ جہاں ایک طرف دو رخی سیریز کھیل کر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے وہیں کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھی کافی توجہ دی جارہی ہے ۔
پاکستان بھی ورلڈ کپ کی تیاریاں کررہا ہے اور اسی کڑی میں اس نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز بھی کھیلی ۔ تاہم اس کو اس سیریز میں وہائٹ واش کا سامنا کرنا پڑگیا ۔
سیریز میں جہاں بڑے پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی مایوس کن رہی وہیں پاکستانی کرکٹ انتطامیہ اور شائقین کیلئے ایک اور بری خبر آئی ہے ۔ پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیریز کے درمیان میں کئے گئے ایک فٹنس ٹیسٹ میں ٹیم کے پانچ کھلاڑی ناکام ہوگئے ہیں ۔
غور طلب ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والوں کے لیے پاکستان ٹیم میں شرکت کے لیے فٹنس ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے اور پاکستانی ٹیم کے فٹنس ٹیسٹ 14 اپریل کو لاہور میں ہوں گے۔ تاہم اس ٹیسٹ سے قبل آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے درمیان ایک فٹنس ٹیسٹ خفیہ طور پر کیا گیا تھا ، جس کے نتائج نے انتطامیہ اور بورڈ کے کان کھڑے کردئے ہیں ۔
جیو ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران جب ٹیم انتطامیہ نے کھلاڑیوں کی فٹنس چانچنے کی کوشش میں فٹنس ٹیسٹ لئے تو 16 میں سے 5 کھلاڑی فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے۔
ان کھلاڑیوں میں کئی بڑے نام بھی شامل ہیں ، جن کو ورلڈ کپ اسکواڈ کیلئے مضبوط دعویدار مانا جارہا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق فٹنس ٹیسٹ میں عابد علی ، عمر اکمل ، عماد وسیم ، محمد حسنین اور یاسر شاہ ناکام ہوئے ہیں ۔