انڈین پریمیئر لیگ 2019 میں چنئی سپرکنگس نے اپنے تین میچ جیت لئے ہیں ۔ اب اس کا مقابلہ ممبئی انڈینس کے ساتھ ہونے والا ہے ۔ حالانکہ اس میچ سے پہلے بڑی خبر آرہی ہے کہ چنئی کی ٹیم میں ایک ایسے کھلاڑی کو جگہ ملی ہے ، جو آبروریزی کا ملزم رہ چکا ہے ۔
اس کھلاڑی کا نام اسکاٹ کوگیلین ہے جو کہ ہندوستان پہنچ چکے ہیں ۔ کوگلین نیوزی لینڈ کے آل راونڈر ہیں ، انہیں زخمی لنگی اینگڈی کی جگہ چنئی میں موقع ملا ہے ۔ کوگیلین نیوزی لینڈ میں کافی تنازع میں رہے ہیں ۔ حال ہی میں وہ جب آکلینڈ میں ہندوستان کے خلاف ٹی 20 میچ کھیل رہے تھے تو ان کے خلاف می ٹو کا پوسٹر بھی لہرایا گیا تھا ۔
دراصل نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز اسکاٹ کوگیلین پر ایک خاتون نے سال 2015 میں آبروریزی کا الزام لگایا تھا ۔ دوسال بعد اس معاملہ میں اسکاٹ کو بے قصور قرار دے کر ہیملٹن کورٹ نے بری بھی کردیا ۔ حالانکہ نیوزی لینڈ کے عوام اس کو سچ نہیں مانتے ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ جانچ کے دوران کھلاڑی کو بچانے کی کوشش کی گئی ۔ یہی وجہ ہے کہ آکلینڈ میچ کے دوران ان کی مخالفت کی گئی تھی ۔