اسلام آباد: پاکستان سیلاب سے بری طرح متاثرہ ایران کی ہنگامی ضروریات پوری کرنے کے لیے امدادی اشیا سے بھرے دو طیارے بھجوارہا ہے۔
یہ پیغام وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے پہنچایا۔
دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے جواد ظریف کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت امدادی سامان سے بھرے 2 سی 1 تھرٹی طیارے فوری طور پر ایران بھجوانے کی ہدایت کی۔
پاکستان کی جانب سے امدادی سامان بھجوانے کا ارادہ سیلاب سے متاثرہ ایرانی عوام کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے ایک اجلاس کے دوران کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان گفتگو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹـوئٹر پر ٹوئٹ کے ذریعے امداد کی پیشکش اور ایران کو پہنچنے والے نقصان پر ہمدی کے اظہار کے ایک روز بعد ہوئی۔
ایک روز قبل اپنے ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا تھا کہ ’ہم غیر معمولی سیلاب میں گھرے ایرانی عوام کیلئے دعاگو ہیں اور ان کے لیے ضروری امدادی سامان بھجوانے کے لیے تیار ہیں‘
ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سیلاب کے باعث اب تک 70 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
خیال رہے ایران کے شمالی، مغربی اور جنوب مغربی حصے میں گزشتہ ماہ شروع ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب آگیا تھا جس کی وجہ سے ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔
دوسری جانب امریکا کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں نے بین الاقوامی برادری کو بھی امداد فراہم کرنے سے روک رکھا ہے۔
اسی طرح پاکستان کی جانب سے امداد کی پیشکش بھی تاخیر سے کی گئی ہے ورنہ عموماً پاکستان اور ایران دونوں ایک دوسرے کے ملک میں آنے والی قدرتی آفات کے نتیجے میں فوری ردِ عمل دیتے ہیں۔
دفتر خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی وزیر خارجہ کو یقین دہانی کروائی کہ پاکستانی عوام مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ایران میں انسانی بحران کو حل کرنے کے لیے مدد فراہم کریں گے