نئی دہلی: شاہی امام مفتی محمد مکرم احمد نے نماز جمعہ سے قبل اپنے خطاب میں کہا کہ شعبان المعظم کے بابرکت مہینہ میں سیرت صحابہ کرام پر عمل کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ نفلی روزوں و تلاوت قرآن کریم کا اہتمام کریں ۔
نیز زکوۃ او رخیرات مستحقین تک پہنچادیں تاکہ غرباء ومساکین بھی رمضان کی تیاری کرسکیں ۔ مفتی مکرم احمد نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ شب براء ت میں میں عبادتوں کا خاص اہتمام کریں اور شب بیدا ری کر کے ذکر الہی میں مشغول رہیں ۔
شاہی امام مسجد فتحپوری نے آسام میں ایک گوشت کے تاجرپر شرپسندوں کے حملہ کی شدید مذمت کی ۔ او رہریانہ میں تلوار کے زور پر گوشت کی دکانات بند کروانے او رراجستھان میں اراضی تنازعہ میں مسلم خاندان کو شر پسندوں کے ذریعہ شدید زدو کوب کئے جانے کی سخت مذمت کی او روزارت داخلہ سے سوال کیا کہ اب تک شرارت پسند لوگوں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آخر یہ ہجومی تشدد کب ختم ہوگا ؟