نئی دہلی، 15 اپریل ؛ کانگریس نے رام پور سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی امیدوار جیہ پردا کے خلاف سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے لیڈر اعظم خاں کے تبصرہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی لڑائی مسائل کی بنیاد پر ہونی چاہئے اور بہر صورت بحث میں شرافت قائم رکھی جانی چاہئے۔
کانگریس کی ترجمان پرینکا چترویدی نے پیر کے روز ٹویٹ کیا کہ “جيہ پردا کے خلاف اعظم خاں کا بیان انتہائی غیر ضروری ہے۔ اس طرح کی گھٹیا بحث کو روکا جانا چاہئے اور سب کو اس کی مذمت کرنی چاہئے۔ مسائل کی بنیاد پر لڑائی لڑنے کے لئے اور بی جے پی کو شکست دینے کے کافی اور معقول وجوہات موجود ہیں لیکن ایسے جنسی امتیاز کرنے والی گھٹیا بحث میں داخل نہیں ہونا چاہئے”۔
کانگریس کے ایک دیگر لیڈر ابھیشیک منو سنگھوی نے بھی مسٹر اعظم خاں کے تبصرےکی مذمت کی اور امید ظاہر کی کہ الیکشن کمیشن اور ایس پی صدر اس پر مناسب کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں اس طرح کےتبصرے کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔