لوک سبھا انتخابات کے لئے ملک میں مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے باوجود وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر والے ریل ٹکٹ بیچے جانے کا معاملہ سامنے آنے پر انڈین ریلوے نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے اپنے چار افسران کو معطل کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس تصویر پر محکمہ ریلوے کو نوٹس جاری کیا تھا۔
ریلوے کی وزارت کے ذرائع کے مطابق کسی مسافر کے 13308 اپ گنگا -ستلج ایکسپریس کے اے سی -3 کے ٹکٹ پر مسٹر مودی کی تصویر کے ساتھ ‘وزیر اعظم رہائشی منصوبہ سب کے لئے رہائش’ کا اشتہار چھپا ہوا تھا۔ وہ مسافر اس ٹرین سے بارہ بنکی سے بنارس جا رہا تھا۔ اس سلسلے میں ایک شخص نے ٹویٹ کر دیا تھا جس پر تنازعہ کھڑا ہوا تھا۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی گئی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ریلوے کو نوٹس بھیجا تھا۔
ذرائع کے مطابق ریلوے نے اس پر کارروائی کرتے ہوئے اپنے چار افسران کو معطل کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریلوے بورڈ نے پرانے ٹکٹ رول کے استعمال پر بھی روک لگا دی ہے۔ اتر پردیش کے الیکشن افسر نے الیکشن کمیشن کو اس کی اطلاع دے دی ہے۔