تیونس میں حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس وڈیو کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں جس میں ایک نامعلوم شخص دو برس سے بھی کم عمر بچے کو سگریٹ اور شراب پینے پر مجبور کر رہا ہے۔ اس موقع پر بچے کی ماں بھی موجود تھی۔
پیر کی شب وائرل ہونے والی مذکورہ وڈیو پر عوام کی جانب سے شدید ردّ عمل سامنے آیا ہے۔ وڈیو میں نظر آنے والے بچے کی ماں نے شراب اور سگریٹ پلائے جانے پر صرف اس وقت مداخلت کی جب بچے کا دم گھٹنے لگا۔ اس دوران وہاں موجود لوگوں کے قہقہوں کی آوازیں سننے میں آئیں اور ان کے اس منظر سے لطف اندوز ہونے کا معلوم ہوا۔
وڈیو میں موجود لوگوں کی شناخت کا تعین ابھی نہیں ہو سکا لیکن سوشل میڈیا پر سرگرم صارفین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ تیونس کے مشرقی صوبے المنستیر کے شہر جمّال میں پیش آیا۔
وائرل ہونے والی وڈیو نے تیونس کے لوگوں میں شدید غم و غصّے کی لہر دوڑا دی۔ عوامی حلقوں نے اس مجرمانہ حرکت کے مرتکب افراد بالخصوص بچے کی ماں کی سرزنش اور احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔ لوگوں نے بچے کی ماں کو ممتا کے جذبات سے خالی قرار دیا ہے۔
وڈیو کلپ کے وائرل ہونے کے فوری بعد متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔