سری نگر،؛ سادھوی پرگیہ ٹھاکر کو بھوپال پارلیمانی حلقے کے لئے ٹکٹ دینے پر بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ بی جے پی ملک کے قانون کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔واضح رہے کہ سادھوی پرگیہ ٹھاکر مالیگاؤں دھماکہ کیس میں ضمانت پر رہا ہیں۔
عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ‘بی جے پی نے انڈور پارلیمانی نشست کے لئے امیدوار کھڑا کرکے قانون کا مذاق اڑایا ہے، ایک ایسا شخص جس پر دہشت گردی کا الزام عائد ہے اورجو صحت کی بنیادوں پر ضمانت پر رہا ہے جبکہ بظاہر وہ الیکشن لڑنے کے لئے صحتمند ہے’۔
انہوں نے اس سلسلے میں پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے ایک ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ‘جن لوگوں کی آپ مذمت کرتی ہو وہ اُس وقت بھی ایسے ہی تھے جب آپ کا ان کے ساتھ اتحد تھا لیکن اقتدار کی لالچ نے آپ کو اندھا کردیا تھا’۔
قابل ذکر ہے کہ سادھوی پرگیہ ٹھاکر 2008 مالیگاؤں بم دھماکے میں ملزم ہیں اور بی جے پی میں شامل ہوئی ہیں۔
بی جے پی نے پرگیہ کو مدھیہ پردیش کی بھوپال لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑنے کے لئے ٹکٹ دیا ہے۔