لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ کانگریس کے کارکنوں کے جلسہ میں گجرات کے وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے گجرات ماڈل کی کھل کر مذمت کی گئی اور اس کا مذاق اڑایا گیا۔ کانگریس کی ترجمان ڈاکٹر ریتا بہوگنا جوشی کی نگرانی میں رویندرالیہ میں کانگریسی کارکنوں کے جلسہ میں مقررین نے مودی کے گجرات ماڈل کا مذاق اڑاتے ہوئے اعداد و شمار کے ساتھ ثابت کیا کہ گجرات انسانی ترقیات کے میدان میں ملک کی کئی ریاستو
ں سے پیچھے ہے۔ گجرات کاتعلیم کے میدان میں اکیسواں مقام ہے جبکہ صحت کے میدان میں بارہواں مقام ہے۔ زرعی پیداوار کے سلسلہ میں بھی وہ مہاراشٹر ، ہریانہ ، کیرل، تمل ناڈو جیسی ریاستوں سے پیچھے ہے اور پانچویں نمبر پر ہے۔ اسی طرح بیروزگاری کے اعداد و شمار بھی چونکانے والے ہیں۔ گجرات میں ساڑھے چھ لاکھ رجسٹرڈ تعلیم یافتہ بیروزگار ہیں۔ مودی کی حکومت میں کئی سینئر وزیر بدعنوان ہیں۔ بابورام بوکاڈیا کو نچلی عدالت سے سزا ہو چکی ہے اور سولنکی چار سو کروڑ روپئے کی بدعنوانی کے ملزم ہیں لیکن حکومت سے جڑے ہیں۔ بدعنوانی ختم کرنے کی بات کرنے والے نریندر مودی نے گجرات میں ۹ برسوں تک لوک آیکت مقرر نہیں ہونے دیا۔ گجرات حکومت پر بدعنوانی کے کئی معاملات ہیں۔ مودی کی فرقہ پرستی کو فروغ دینے کی متعدد مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔ بی جے پی کی مظفر نگر میں فساد بڑھکانے کی سازشوںکو بھلایا نہیں جا سکتا۔ ۲۰۰۲ء میں گجرات کے قتل عام کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ امت شاہ جیسے اختلافی شخص کو اترپردیش کا الیکشن انچارج بناکر مذہب کے نام پر ووٹ حاصل کرنے کے بی جے پی کے منصوبہ کو کانگریس پورا نہیں ہونے دے گی۔ ریاست کی اکھلیش یادو حکومت کو مکمل طور پر ناکام قرار دیتے ہوئے مقررین نے فساد کے ساتھ ساتھ ریاست کے بگڑے ہوئے قانونی نظام پر بھی تشویش کا اظہا رکیا۔ اترپردیش کی یہ بدقسمتی ہے کہ گزشتہ ۲۵ سال سے غیر کانگریسی حکومتوں کی وجہ سے یہ ریاست پچھڑی جا رہی ہے۔ زبیر خاں نے کارکنوں سے متحد ہوکر مخالف جماعتوں کے ذریعہ کانگریس پر لگائے گئے الزامات کا جواب دینے کی اپیل کی اور کہا کہ مرکز کی یو پی اے حکومت کی ترقیات سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منریگا ، قومی دیہی صحت مشن ، این آر ایچ ایم ، کھاد تحفظ قانون ، تعلیم کے حقوق قانون ، اطلاعات کے حقوق ،لوک پال بل یو پی اے حکومت نے لاکر بدعنوانی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پروگرام کی کنوینر ریتا بہوگناجوشی نے پارلیمانی الیکشن میں کارکنوں سے متحد ہوکر کانگریسی امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔