لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ملک کو بچانے کیلئے گجرات کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کی قیادت میں مرکز میں بھاری اکثریت سے حکومت بنانا ہوگی۔ اس کیلئے اترپردیش کی بڑی ذمہ داری ہے کیونکہ یہ صوبہ ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔ پارلیمانی الیکشن میں کانگریس ، سماج وادی پارٹی اور بی ایس پی کو فراموش کر کے ریاست کی زیادہ سے زیادہ سیٹوں پر بی جے پی کے امیدواروں کو کامیاب بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار بی جے پی کے سینئر لیڈر اور گوا کے وزیر اعلیٰ منوہر پالیکر نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوک پال بل لانے سے ملک کی بدعنوانیاں ختم نہیں ہوں گی بلکہ بدعنوانیوں کو ختم کرنے کیلئے سماج میں تبدیلی لانی ضروری ہے۔ انہوں نے
کہا کہ بدعنوانیوں کی وجہ سے ملک کو جو نقصان ہو رہا ہے اس سلسلہ میں عوام کو بیدار ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے جس کیلئے سماج کے ہر طبقہ کو آگے آنا ہوگا۔ گوا کے وزیر اعلیٰ نے اترپردیش میں بڑھتے جرائم پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور اس کی معاون پارٹیوں کی موجودگی میں بدعنوانیاں ختم نہیں کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کا پیسہ اکھلیش اور ملائم سنگھ لوٹ رہے ہیں۔