رائے بریلی،3مئی؛سیاسی رسہ کشی کے درمیان کانگریس کی جنرل سکریٹری اور مشرقی اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا کو سانپوں سے کھیلنا مہنگا پڑا۔اینیمل ویلفیئر بورڈ کے افسر نے اس معاملے کی شکایت ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے کی ہے۔
محترمہ پرینکا گاندھی واڈرا جمعرات کو رائے بریلی میں اپنی ماں سونیا گاندھی کی انتخابی تشہیر کے دوران ہنسا کے پروا گاؤں پہنچیں۔وہاں پر انہوں نے سپیروں اور ان کے خاندانوں سے ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے ایک سانپ کو اپنے ہاتھ میں بھی لیا۔لیکن یہی ان کے لئے اب مصیبت کا سبب بن گیا ہے۔
اینیمل ویلفیئر بورڈ کے افسر جے پرکاش سکسینہ نے اس معاملے کی شکایت رائے بریلی کے ڈسٹرکٹ مجسٹر سے کی ہے۔انہوں نے ’دی پریوینشن آف کرویلٹی ٹو اینیملس ایکٹ ‘اور ’دی وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ‘ کے تحت شکایت درج کرائی ہے۔
واضح رہے کہ محترمہ پرینکا دوپہر رائے بریلی کے پروا گاؤں میں سپیروں کی بستی میں پہنچ گئیں اور ان سے کافی دیر تک بات چیت کی۔مداری سے انہوں نے زہریلے سانپ کو اپنے ہاتھ میں لیا اور اس کے ساتھ کچھ دیر کھیلتی بھی رہیں۔جب بھیڑ میں سے کسی نے ان سے محتاط رہنے کو کہا تو انہوں نے کہا کہ کچھ نہیں ہوگا سب ٹھیک ہے۔یہ الگ بات ہے کہ گرمی سے بےحال سانپ بے جان تھا۔سانپوں سے کھیلنےکے بعد پرینکا گاندھی انتخابی تشہیر کےلئے آگے بڑھ گئیں۔کچھ لوگ اس انداز سے ان کی طرف متوجہ بھی ہوئے۔