پٹنہ : بہار میں پانچویں مرحلہ میں پانچ لوک سبھا سیٹ سیتامڑھی ، مدھوبنی ، مظفر پور ، حاجی پور (محفوظ ) اور سارن میں سخت سیکوریٹی کے درمیان پرامن طریقے سے چل رہی پولنگ میں سہ پہر تین بجے تک 44.28 فیصد ووٹنگ ہوئی ۔
ریاستی الیکشن دفتر ذرائع نے بتایاکہ سہ پہر تین بجے تک سارن میں سب سے زیادہ 46 فیصد ووٹ ڈالے گئے ۔ وہیں مدھوبنی میں ووٹنگ کی رفتار تھوڑی سست رہی ۔ یہاں ابھی تک 42.65 فیصد ووٹروں نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا ہے جبکہ مظفر پور میں44.71 فیصد، سیتامڑھی میں44.60 فیصد اور حاجی پور ( محفوظ ) میں 43.60 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے ۔
واضح رہے کہ پانچویں مرحلہ والے پارلیمانی حلقوں کے لئے پولنگ مراکز کی کل تعداد 8899 ہے جن میں سیتامڑھی میں1776، مدھوبنی میں 1837 ، مظفر پور میں 1748 ، سارن میں 1711 اور حاجی پور میں( محفوظ ) میں 1827 بوتھ شامل ہیں۔ ان پانچ پارلیمانی حلقوںمیں پانچویں مرحلہ کی ووٹنگ میں 87 لاکھ 66 ہزار ووٹر 8899 پولنگ مراکز پر اپنے ووٹ کا استعمال کر رہے ہیں۔ ان میں 46 لاکھ 62 ہزار 380 مرد اور 40 لاکھ 87 ہزار 242 خواتین اور 225 تھر ڈ جینڈر ووٹر شامل ہیں۔ سروس ووٹر کی تعداد 16875 ہے ۔ اس مرحلہ میں کل 82 امیدوار اپنی قسمت آزمارہے ہیں۔