متعدد تنازعات کا شکار رہنے والے تحریک انصاف کے رہنما اور ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین رواں سال پی ٹی وی پر رمضان نشریات کی میزبانی کر رہے ہیں، تاہم اب ایسی افواہیں سامنے آرہی ہیں کہ انہیں پی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن سے نکال دیا گیا۔
پاکستان میں رمضان ٹرانسمیشنز متعارف کرانے والے عامر لیاقت رواں سال پی ٹی وی کی رمضان نشریات ’ہمارا رمضان‘ کی میزبانی کر رہے تھے، تاہم گزشتہ روز وہ لائیو افطار ٹرانسمیشن درمیان میں ہی چھوڑ کر سیٹ سے چلے گئے۔
عامر لیاقت چوتھے روزے کی افطاری ٹرانسمیشن کے دوران وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کی جس کے بعد انہوں نے کہا کہ عامر لیاقت حسین کا سفر یہیں پر اختتام پذیر ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’عامر لیاقت حسین کو اس رمضان ٹرانسمیشن سے اجازت دیجیئے‘۔
بعدازاں ایسی افواہیں سامنے آئیں کہ عامر لیاقت کو چینل کے اسٹاف اور مینجمنٹ کے ساتھ نامناسب رویے کے باعث ٹرانسمیشن سے نکال دیا گیا۔
عامر لیاقت اس سے قبل اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی ایسی ٹویٹس کررہے تھے جن سے وہ پریشان نظر آئے تاہم انہوں نے اس دوران اپنی پریشانی کی وجہ نہیں واضح کی۔
ٹی وی اینکر آج بھی سحری کے دوران ٹرانسمیشن کا حصہ نہیں بنے، جس کے باعث ان کے پی ٹی وی سے نکالے جانے کی افواہوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔
تاہم اب عامر لیاقت نے ایک نئی ٹویٹ میں بتایا کہ وہ طبیعت خراب ہونے کے باعث سحری ٹرانسمیشن کا حصہ نہیں بن پائے تھے۔
صارفین سے ایک ٹویٹ کے ذریعے معافی مانگتے ہوئے عامر لیاقت نے لکھا کہ ’پی ٹی وی نیوز کے ناظرین ان شا اللہ افطار نشریات سے مجھے دیکھ سکیں گے، طبیعت ناساز ہے اس لیے ابھی سحری میں نہیں آسکا، ناظرین سے معذرت خواہ ہوں‘۔
یاد رہے کہ پی ٹی وی سے قبل عامر لیاقت حسین جیو نیوز، اے آر وائے اور بول پر بھی رمضان نشریات کی میزبانی کرچکے ہیں۔
اس سے قبل بھی عامر لیاقت کے حوالے سے متعدد تنازعات سامنے آچکے ہیں۔
خیال رہے کہ 2016 میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے عامر لیاقت کےجیو انٹرٹینمنٹ کے پروگرام ‘انعام گھر’ پر تین روز کی عارضی پابندی عائد کر دی تھی۔
عامر لیاقت حسین نے ایک پروگرام کے دوران ‘خودکشی کے مناظر’ دکھائے تھے جس پر چینیل کو پیمرا نے نوٹس جاری کردیا تھا۔