لکھنؤ(نامہ نگار)چنہٹ علاقے میںرہنے والے بھارتیہ کسان یونین رہنماہری رام ورما کے بھائی اتیندر نے آج پھانسی لگا کر خود کشی کر لی۔ بتایا جاتا ہے کہ اتیندر کا بہرائچ ضلع کی ایک بیج و دوا کمپنی سے روپئے کے لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ اتیندر پر کروڑوں
روپئے بقایہ ہے کمپنی کے لوگ اتیندر پر روپئے واپس کرنے کیلئے دباؤ ڈالنے لگے۔ پریشان ہو کر اتیندر نے آج پھانسی لگا لی۔ اس معاملہ میں اتیندر کے گھر والوں نے کمپنی کے لوگوں کے خلاف اس کو خود کشی کیلئے مجبور کرنے کی رپورٹ چنہٹ کوتوالی میں درج کرائی ہے۔ وہیں سروجنی نگر علاقے میں رہنے والے ایک نوجوان نے ٹرین کے سامنے کود کر خود کشی کر لی۔
چنہٹ کے نوبستہ کلاں گاؤں کے ۷۳سالہ اتیندر کی امرائی گاؤں میں بیج و دوا کی دکان تھی۔ اتیندر اپنی دکان کا مال بہرائچ کے نانپارہ میں واقع بدھی لال اینڈ سنس نام کی کمپنی سے لیتا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اتیندر کا کمپنی سے مال کے روپئے کے سلسلہ میں کچھ تنازعہ چل رہا تھا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اتیندر پر تین سے ۵کروڑ روپئے بقایاتھا۔ کمپنی کے لوگ آئے دن اتیندر سے روپئے واپس کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہے تھے۔ اتیندر قرض کے سلسلہ میں ذہنی طور سے کافی پریشان تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ دو دن قبل ہی کمپنی کے لوگ اتیندر سے بقایہ روپئے لینے کیلئے اس کے پاس پہنچے تھے اور اتیندر سے چیک بھی لے گئے تھے۔ کمپنی سے قرض اور اس کی واپسی کے سلسلہ میںاتیندر کافی پریشان تھا۔ منگل کی دوپہر اتیندر گھر کھانا کھانے پہنچا اسی درمیان اس کی بیوی شیلندری گھر کے نزدیک ہی ایک مذہبی پروگرام میں گئی ہوئی تھی کچھ دیر بعد جب وہ واپس گھر آئی تو دیکھا اتیندر کی لاش پنکھے میں مفلر کے سہارے لٹک رہی تھی۔ شوہر کی لاش لٹکتے دیکھ کر اس نے شور مچا دیا۔ شور ہونے پر کنبہ کے لوگ وہاں پہنچے اور اتیندر کی لاش نیچے اتار کر ایک پرائیویٹ اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا۔اطلاع ملتے ہی موقع پر چنہٹ پولیس بھی پہنچ گئی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ اس معاملہ میں اتیندر کے گھر والوں نے بدھی لال اینڈ سنس کمپنی کے خلاف اتیندر کو خود کشی کیلئے مجبور کرنے کی رپورٹ درج کرائی ہے۔ اتیندر کے کنبہ میں دو بچے ہیں وہیں اس کا بھائی ہری رام بھارتیہ کسان یونین کا ضلع صدر بھی ہے۔
اس کے علاوہ سروجنی نگر کے سیکٹر ای ایل ڈی اے کالونی میں رہنے والا ۵۲سالہ اروند وشواس کافی عرصہ سے دماغی طور سے پریشان چل رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح وہ گھر سے نکلا اور ریلوے لائن پر آرہی ایک ٹرین کے سامنے کود کر خودکشی کر لی۔ حادثہ کی اطلاع پر ٹی پی نگر ریلوے اسٹیشن کے گینگ مین اشرف نے سروجنی نگر پولیس کو اطلاع دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے مقامی لوگوں کو شناخت کیلئے بلایا اسی درمیان اروند کا بھائی پارتھو وشواس بھی وہاں پہنچ گیا اور ٹریک پر پڑی لاش کو دیکھ کر وہ اس کو پہچان گیا اور اپنے بھائی اروند کی لاش بتایا۔ تفتیش کے بعد پولیس نے اروند کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ ایس او سروجنی نگر نے بتایا کہ اروند کافی عرصہ سے دماغی طور سے پریشان چل رہا تھا اور اسی وجہ سے اس نے خود کشی کی ہے۔
منور رانا اور نواز دیوبندی کو پیش کی گئی مبارکباد
لکھنؤ۔ آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی کی مجلس عاملہ کا جلسہ فورم کے صدر ڈاکٹر عمار رضوی کی صدارت دارالامان علی گنج میںمنعقد ہوا جس میں شریک تمام اراکین نے متفقہ طور پر منور رانا اور نواز دیوبندی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ خاص طور پر منور رانا کی زیر صدارت اترپردیش اردو اکادمی کو مزید فعال بنانے کیلئے ان کے لائحہ عمل کی ستائش ڈاکٹر عمار ضوی نے پُر زور طریقے سے کی۔ کیونکہ موجودہ حالات میں منور رانا کوان کی فعال اور اردو زبان وادب کی ترقی و ترویج کیلئے منتخب کیاجانا ایک قابل ستائش قدم ہے۔ ڈاکٹر عمار رضوی نے اپنے بیان میں تمام محبان اردو سے اپیل کی ہے کہ ہم سب کا فرض ہے کہ موجودہ صدر کو بھرپور تعاون دیں اور اترپردیش اردو اکادمی پر عرصہ دراز سے طاری جمود کو ختم کرتے ہوئے ایک بار پھر ایک فعال ادارہ کی شکل دیں۔ کیونکہ وہ ایک بے باک ، با عمل اور پُر خلوص شخصیت کے حامل ہیں۔ تمام محبان اردو کو ان سے بہت ساری تواقعات اورامیدیں ہیں۔ان توقعات کو پورا کرنے میں کندھے سے کندھا ملا کر ان کے ساتھ کھڑے ہونا پڑے گا۔
بنارس کے نئے پولیس کپتان
لکھنؤ(بیورو)۷۰۰۲ء بیچ کے آئی پی ایس جوگیندر کمار کو بنارس کا ایس ایس پی بنایا گیا ہے۔ جوگیندر کمار پی اے سی ۲۳ویں واہنی کے کمانڈنٹ تھے۔ وارانسی کے کپتان کا عہدہ راجیش مودک کے ہٹنے کے بعد خالی ہو ا تھا۔