لکھنؤ، 20 مئی (یواین آئی) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے لوک سبھا انتخابات میں باغیانہ تیور اپنانے والے پسماندہ طبقات بہبود کے وزیر اوم پرکاش راج بھر کو کابینہ سے برطرف کرنے کی سفارش کی ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے گورنر رام نائک سے مسٹر راج بھر کو وزیر کے عہدہ سے برخاست کرنے کی سفارش کی ہے۔ سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے سربراہ راج بھر کا لوک سبھا انتخابات میں امیدوار دینے کو لے کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تنازعہ ہو گیا تھا اور انتخابات کے دوران انہوں نے بی جے پی امیدواروں کی مخالفت بھی کی تھی۔
مسٹر راج بھر نے اپنی برطرفی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی کو دیگر کاموں میں بھی اسی طرح کی تیزی دکھانی چاہیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پسماندہ طبقات کے طالب علموں کو اسکالرشپ دینے میں دیر کی جا رہی ہے اور وزیر رہتے ہوئے وہ معمولی ترقیاتی کام بھی نہیں کرا پا رہے تھے۔