مظفرنگر: مظفرنگر کے جھابیر پور گائوںمیں جہیز کا مطالبہ پورانہ ہونے کے معاملے میں شوہر اورسسرال کے لوگوں نے ایک خاتون کو مبینہ طورپر زندہ جلادیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایاکہ متاثرہ کی لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے اورخاتون کے شوہر، خسرراج کماراور خوشدامن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔متاثر ہ خاتون کے والد کرشن پال نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزمین نے ان کی بیٹی پر مٹی کا تیل ڈال کر اسے زندہ جلا دیا تھا۔ایک دیگر واقع میں شاملی ضلع کے کیرانہ قصبہ میں نامعلوم بدمعاشوں نے ایک ۳۳سالہ خاتون کو گولی مارکرہلاک کردیا۔ خاتون کی شناخت عزیزا بیگم کے طورپر ہوگئی ہے۔ ایس پی گھنشیام سنگھ نے بتایا کہ کچھ لوگ خاتون کے گھر میں زبردستی داخل ہوگئے اوراسے گولی ماردی جس سے خاتون کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔ترجمان نے بتایا کہ اس مسئلہ میں پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔