مولائے کائنات، امیرالمومنین حضرت علی بن ابیطالب علیہ الصلوات و السلام کی شب شہادت کی مناسبت سے عراق اور ایران سمیت پوری دنیا میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔
عراق اور ایران سمیت پوری دنیا میں امیرالمومنین حضرت علی بن ابیطالب علیہ الصلوات والسلام کے سوگ میں مجالس اور عزاداری کا سلسلہ شب انیس رمضان سے ہی شروع ہو گیا تھا۔ یہ سلسلہ روزے دار مسلمانوں نے بیس رمضان المبارک کو بھی جاری رکھا اور شب اکیس رمضان المبارک آنے کے ساتھ ہی مجالس عزا میں وسعت آگئی اور ماتمی دستوں کے برآمد ہونے کے سلسلہ شروع ہو گیا۔
نجف اشرف سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امیرالمومنین حضرت علی بن ابیطالب علیہ الصلوات والسلام کا روضہ مبارک آپ کے زائرین اور سوگواروں سے مملو ہے۔ نجف اشرف میں روضہ امیرالمومنین علیہ الصلوات والسلام میں عراقی زائرین اور عزاداروں کے ساتھ ہی دوسرے ملکوں کے زائرین بھی شب اکیس رمضان کی عزاداری اور دوسری شب قدر کے مخصوص اعمال انجادم دینے کے لئے موجود ہیں۔
نجف اشرف کے ساتھ ہی کوفے، کربلائے معلی، کاظمین، سامرا کے روضوں میں بھی سوگواران امیرالمومنین عزاداری اور سینہ زنی میں مصروف ہیں۔
ایران اسلامی کے بھی سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں مولائے کائنات کی شب شہادت کی مناسبت سے عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔
مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ الصلوات والسلام کا روضہ مبارک بھی امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے عزاداروں اور سوگواروں سے مملو ہے۔ ہمارے نمائندے کے مطابق روضہ مبارک کے صحنوں اور اطراف کی سڑکوں پر بھی ماتمی دستے نوحہ خوانی اور سینہ زنی میں مصروف ہیں۔
روضہ حضرت امام رضا علیہ السلام میں بھی ایرانی سوگواروں کے ساتھ ہی بہت بڑی تعداد میں دوسرے ملکوں کے زائرین بھی عزاداری میں مصروف ہیں جن میں پاکستان اور ہندوستان کے زائرین بھی شامل ہیں ۔ مشہد مقدس میں بارگاہ رضوی میں اردو زبان میں بھی عزاداری کا اہتمام کیا گیا ہے۔
روضہ رضوی میں امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی شب شہادت کی عزاداری کے ساتھ ہی تھوڑی دیر بعد شب قدر کے اعمال بھی شروع ہو گئے۔
ایران کے مقدس شہر قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں بھی شب شہادت امیرالمومنین کی مناسبت سے مجالس عزا کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
دارالحکومت تہران میں بھی امیرالمومنین حضرت علی علیہ الصلوات و السلام کی عزاداری کا سلسلہ شب انیس رمضان المبارک سے ہی شروع ہو گیا تھا جو اس وقت بھی جاری ہے۔ تہران میں اہلبیت اطہار علیہم السلام سے تعلق رکھنے والی برگزیدہ ہستیوں کے روضوں کے ساتھ ہی مساجد اور امام بارگاہوں میں بھی مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔
تہران کے حسینیہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ میں بھی رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی جانب سے امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے ایام شہادت کی مناسبت سے مجالس عزا کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اتوار کی شام نماز مغربین سے پہلے اس سلسلے کی دوسری مجلس عزا منعقد ہوئی جس میں ذاکر اہلبیت نے مولائے کائنات کے فضائل و مصائب بیان کئے جس کے بعد امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے سوگواروں نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی اقتدا میں نماز مغربین ادا کی۔
اسی کےساتھ ایران کے دوسرے تمام شہروں اور قریوں میں بھی مجالس عزا اور سینہ زنی کا سلسلہ جاری ہے اور امیرالمومنین کے عزادار دوسری شب قدر کے اعمال بھی انجام دے رہے ہیں۔
ہندوستان اور پاکستان میں بھی شب شہادت امیرالمومنین حضرت علی علیہ الصلوات والسلام کی مناسبت سے مجالس عزا کے ساتھ ہی دوسری شب قدر کے اعمال انجام دیئے جا رہے ہیں۔