پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آج مثبت رجحان دیکھنے میں آیا جہاں ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ 1010 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 35 ہزار 959 پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروبار کے آغاز کے دوران ہی انڈیکس میں تیزی دیکھی گئی تھی جو پورے سیشن برقرار رہی۔
مارکیٹ کا آغاز 39 ہزار 949 پوائٹس سے ہوا، جو دن کی سب سے کم ترین سطح رہی تاہم دن کے اختتام کے قریب انڈیکس نے بلند ترین 35 ہزار 993 پوائنٹس کی سطح عبور کی۔
پی ایس ایکس میں مجموعی طور پر 6 ارب 90 کروڑ روپے مالیت کے 15 کروڑ 15 لاکھ حصص کی لین دین ہوئی، جبکہ گزشتہ روز 12 کروڑ 28 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا تھا جن کی مالیت 8 ارب 50 کروڑ روپے رہی۔
کمپنیوں کے انفرادی کاروباری میں بینک آف پنجاب 1 کروڑ 74 لاکھ حصص کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی، فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ1 کروڑ 18 لاکھ حصص کے ساتھ دوسرے، یونیٹی فوڈز لمیٹڈ 99 لاکھ حصص کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھیں۔
مارکیٹ کا جائزہ لینے والی کمپنی نیکسٹ کیپیٹل لمیٹڈ کے غیر ملکی ادارہ جاتی سیلز کے سربراہ محمد فیضان کا کہنا تھا کہ ‘حکومت کی جانب سے اسٹاک مارکیٹ میں استحکام کے لیے فنڈز مختص کرنے کی خبروں کی تصدیق سے سرمایہ کاروں میں خوشی کی لہر دوڑ پڑی ہے’۔
سرکاری فنڈ کو قومی سرمایہ کاری ٹرسٹ (این آئی ٹی) کے ذریعے دیا جائے گا اور یہ اسٹاک مارکیٹ کی فہرست میں شامل سرکاری کمپنیوں کے لیے ہوں گی’۔