لکھنؤ۳۱ مئی : عالمی یوم قدس کے موقع پر مجلس علماء ہند کی جانب سے آصفی مسجد میں امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی کی قیادت میں اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف اور قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ احتجاجی مظاہرے میں فلسطینی مظلوموں کی حمایت میں نعرے بازی کی گئی اور اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی گئی ۔
مظاہرین ہاتھوں میں اس طرح کے پلے کارڈ اور تختیاں لیے ہوئے تھے جن سے فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف غم و غصہ ظاہر ہورہا تھا ۔مظاہرے میں ڈیل آف سینچری کی پرزور مخالفت کی گئی اور اس منصوبے کو فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کے خلاف قراردیا گیا۔
مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہاکہ اسرائیل اور امریکہ ڈیل آف سینچری کے ذریعہ فلسطینیوں کو انکے بنیادی حقوق سے محروم کردینا چاہتے ہیں ۔عالم اسلام کو چاہئے کہ ایک آواز ہوکر ڈیل آف سینچری کی مخالفت کریں اور ڈونالڈ ٹرمپ کے استعماری و شیطانی منصوبے کو دنیا کے سامنے آشکار کریں ۔مولانا نے کہاکہ آج مشرق وسطی پر جنگ کے خطرات منڈلارہے ہیں کیونکہ ڈیل آف سینچری کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ایران کی آوازکو دبانے کی کوشش کی جارہی جس کے لئے ایران پر جنگ تھوپنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔مولانانے کہاکہ سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں کی خاموشی کی بنیاد پر آج فلسطینیوں پر ظلم ہورہاہے اور بیت المقدس پر اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ہے اگر عالم اسلام متحد ہوکر فلسطین کی آزادی اور بیت المقدس کی بازیابی کے لئے جد جہد کرتا تو آج عالمی منظر نامہ مختلف ہوتا۔مولانا نے کہاکہ مسلمانوںکو ایک صورت میں کامیابی نصیب ہوسکتی ہے کہ وہ استعمار کے خلاف اپنے اتحاد کا عملی مظاہرہ کریں ۔
مظاہرے کے اختتام پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ،نتین یاہو اور سعودی تاناشاہ محمد بن سلمان کی علامتی تصاویر کو نذر آتش کیا گیا۔مظاہرے کے بعد اقوام متحدہ کو پانچ نکاتی میمورنڈم بھی ارسال کیا گیا۔مظاہرے میںمولانا رضا حسین ، مولانا حیدر عباس رضوی،مولانا مصطفٰی حسین نقوی اسیف جائسی ،مولانا منظر عباس شفیعی ،مولانا شباہت حسین ،مولانا زوار حسین ،مولانا شاہنواز حسین ،مولانا محمد اسحاق مولانا محمد سبطین،مولانا سرکار حسین اور دیگر علماء کرام نے شرکت کی ۔
اقوام متحدہ سے مطالبات :
۱-فلسطین میں جاری اسرائیلی دہشت گردی پر روک لگائی جائے ۔
۲-بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ ٔ اول ہے اسے آزاد کیا جائے اورڈیل آف سینچری کو باطل قراردیاجائے۔
۳-اسرائیل کو دہشت گرد ملک قرار دیکر اس پر حقوق انسانی کی خلاف ورزی کے جرم میں عالمی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے ۔
۴- یمن میں جاری انسانیت کے قتل عام پر روک لگائی جائے ۔
۵- ہم القدس کو اسرائیل کی راجدھانی تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ یروشلم کو مسلمانوں کے حوالے کیا جائے ۔