سلمان خان ان دنوں اپنی فلم ’ بھارت‘ کے پروموشن میں مصروف ہیں۔ اسی سلسلہ میں وہ کپل شرما کے شو میں پہنچے تھے۔ یہاں انہوں نے نہ صرف جم کر مستی کی بلکہ اپنے بچپن کے کئی قصے بھی سنائے۔ سلمان نے بتایا کہ ایک بار ان کے اسکول میں والد سلیم خان کو سزا دی گئی تھی۔
سلمان نے بتایا کہ ایک دن مجھے اسکول کے فلیگ پوسٹ کے پاس کھڑے رہنے کی سزا دی گئی تھی۔ دن میں گھر جاتے وقت پاپا اسکول آئے تو انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ کیا ہوا؟ میں نے کہا پتہ نہیں پاپا مجھے باہر کھڑے رہنے کو کہا گیا ہے۔ اس پر پاپا اسکول کے پرنسپل کے پاس گئے اور پوچھا۔ پرنسپل نے کہا کہ اسکول کی فیس جمع نہ کرنے کی وجہ سے مجھے یہ سزا دی گئی ہے۔ پرنسپل کا جواب سن کر پاپا نے کہا ’’ فیس جمع کرنا میری ذمہ داری ہے، آپ کی ذمہ داری یہ ہے کہ آپ اسے کلاس میں بٹھائیں، غلطی میری ہے تو آپ نے اسے سزا کیوں دی ہے‘‘؟