امریکی گلوکار، ریپر، لکھاری، فیشن ڈزائنر، موسیقار اور کاروباری شخص جے زیڈ نے پہلے ارب پتی ہپ ہاپ ریپر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
شہرہ آفاق امریکی اقتصادی جریدے ’فوربز‘ نے جے زیڈ کی مجموعی ملکیت ایک ارب امریکی ڈالر قرار دیتے ہوئے انہیں پہلا ارب پتی ریپر قرار دیا ہے۔
جے زیڈ معروف گلوکارہ بیونسے کے شوہر ہیں اور ان دونوں کی مشترکہ دولت گذشتہ کئی سال سے ایک ارب امریکی ڈالر تھی، تاہم اب تنہا گلوکار کی مجموعی دولت کی مالیت ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔
’فوربز‘ کے مطابق جے زیڈ کی مجموعی دولت ان کی میوزک کی کمائی، پرتعیش گھروں، شراب کی مصنوعات اور ان کی جانب سے میوزک، انٹرٹینمنٹ اور دیگر شعبہ جات میں کی جانے والی سرمایہ کاری سے ہونے والی کمائی پر مشتمل ہے۔
جے زیڈ کو سب سے زیادہ دولت شراب کے کاروبار سے ملی اور ان کے شراب کے کاروبار کی مالیت 31 کروڑ ڈالر تک ہے۔
امریکی ریپر اور گلوکار کی دولت میں دوسرا اضافہ ان کی جانب سے آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی ’اوبر‘ سمیت دیگر کمپنیوں میں سرمایہ کاری سے ہوا۔
جے زیڈ کو اوبر سمیت دیگر کمپنیوں سے 21 کروڑ ڈالر کی آمدنی ہوئی۔
جے زیڈ کی ملکیت کے اثاثوں میں 5 کروڑ ڈالر کا ان کا پرتعیش گھر بھی شامل ہے۔
جے زیڈ کا اصل نام شان کورے کارٹر ہے اور وہ 1969 میں نیویارک سٹی کے نواحی شہر بروکلین میں پلے بڑھے۔
انہوں نے گلوکاری کا آغاز 1995 میں کیا اور 1996 میں انہوں نے پہلا میوزک ایلبم ریلیز کیا، اب تک وہ ڈیڑھ درجن میوزک ایلبم ریلیز کر چکے ہیں۔