لکھنؤ (نامہ نگار)بنتھرا علاقہ میں آج دن میں دوبدمعاش ایک صرافہ کاروباری کی کار سے زیورات ونقد رقم سے بھرا ہوا بیگ لیکر فرار ہوگئے۔ اس معاملہ میں پولیس نے چوری کی رپورٹ درج کرلی ہے۔ خبر کے مطابق سروجنی نگر کے نٹکور کے باشندے بہاری لال کی بنتھراکے ہرونی قصبہ میں لال جیولرس کے نام سے ایک دکان ہے۔
بتایا جارہاہے کہ روزانہ کی طرح بہاری لال آج صبح اپنے بیٹے کے ساتھ بذریعہ کار دکان پہنچے ۔ بہاری لال نے اپنی کار کو سڑک کے کنارے کھڑا کردیا۔ اور دکان کا تالاکھولنے کے لئے چل
ے گئے جبکہ کار میں ان کا بیٹا بیٹھارہا۔ بہاری لال نے دکان میں لگے ہوئے ایک تالے کو کھولا اور جب وہ دوسر اتالا کھولنے کے لئے بڑھے تو دیکھا دوسرے تالے میں لکڑی کا ٹکڑا پھنسا ہواہے انہوں نے تالا کھولنے کے لئے اپنے بیٹے کو بلایا۔ بہاری لال کا بیٹا کار سے اتر ا اور کار کا تالا بغیر بند کئے ہوئے دکان کا تالا کھولنے کے لئے پہنچ گیا۔
اسی دوران موقع دیکھ کر چور کار میں رکھا ہوا بیگ چوری کرکے فرار ہوگیا۔کچھ ہی دیر کے بعد جب دونوں باپ بیٹے کار کے قریب پہنچے تو دیکھا کہ کار میں رکھا ہوابیگ غائب ہے۔ دونوں نے بیگ کو آس پاس تلاش کیا لیکن بیگ کا پتہ نہیں چل سکا ۔ آخر میں بہاری لال نے اس کی اطلاع بنتھر اپولیس کودی۔ موقع پر پہنچ کر بنتھرا پولیس نے تفتیش کرنے کے بعد چوری کی رپورٹ درج کرلی۔ صراف کے بیگ میں لاکھوں روپئے کے زیورات اور ۳۵ہزار روپئے نقد رکھے ہوئے تھے۔پولیس کا خیال ہے کہ چوروں نے ہی دکان کے تالے میں عمداً لکڑی کو پھنسایا تھا۔