مظفرنگر: مظفر نگر شہر کوتوالی علاقہ میں کل دیر رات سڑک حادثہ میں کار ڈرائیور کی موت ہو گئی اور ضلع زرعی افسر سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سینئر اسسٹنٹ زرعی تحفظ افسر سچن کمار اور زرعی تحفظ افسر رام جتن دیر رات لکھنؤ سے میرٹھ پہنچے تھے۔ محکمہ کا ڈرائیور سنجے کمار (۴۲) انہیں لینے کیلئے میرٹھ گیا تھا۔
تینوں لوگ کار سے جب مظفرنگر واپس آرہے تھے تو شہر کوتوالی علاقہ کے بہلنا بائی پاس پر پہنچے تو نامعلوم گاڑی نے ان کی کار میں ٹکر مار دی جس کے سبب زرعی تحفظ افسر رام جتن اور ڈرائیور سنجے شدید طور سے زخمی ہو گئے جبکہ سینئر اسسٹنٹ زراعت تحفظ افسر سچن کمار معمولی طور پر زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن دونوں کی تشویش ناک حالت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے انہیں میرٹھ بھیج دیا۔ میرٹھ لے جاتے ہوئے راستے میں ڈرائیور سنجے کی موت ہو گئی۔