پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے اگر کسی میں ٹیلنٹ ہوگا تو وہ آگے جاسکے گا سفارشی آگے نہیں جاسکے گا۔
نجی ٹی وی چینل جیو کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کی ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کے کپتان اور سلیکٹرز، کوچز اور دیگر اسٹاف بدلنے سے کیا ہوگا کیونکہ ٹیم کے کھلاڑی تو وہی رہیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں اگر کسی میں ٹیلنٹ ہوگا تو سامنے آئے گا اور آگے جاسکے گا، سفارشی آگے نہیں جاسکے گا۔
مزید پڑھیں: بڑے مقابلے سے پہلے بڑی شکست، ذمہ دار کون؟
سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ اسٹرکچر پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
انہوں نے بھارت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پڑسی ملک نے گزشتہ 15 سال کے دوران اپنی فرسٹ کلاس کرکٹ پر پیسہ لگایا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت گزشتہ 15 سالوں کے دوران ہی دنیائے کرکٹ کی سب سے باصلاحیت ٹیم بن کر ابھری جس نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2007، ورلڈکپ 2011 اور چیمپیئنز ٹرافی 2013 اپنے نام کیے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پاس پیسہ موجود ہے، تاہم اس کو چاہیے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ پر سرمایہ لگائے، اس پر اپنی توجہ مرکوز کرے اور اس کے معاملات پر نظر بھی رکھے۔
خیال رہے ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف اہم میچ میں پاکستان کو 89 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد قومی ٹیم کے کپتان اور کھلاڑی تنقید کی زد میں ہیں۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان نے اب تک 5 میچز کھیلے ہیں جن میں ایک میں کامیابی ملی، 3 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بارش کی نظر ہوا۔