کراچی۔ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنمنٹ سے قبل پاکستانی ٹیم کو پہلا بڑا دھکا لگا ہے چونکہ فاسٹ بولر محمد عرفان ایک مرتبہ پھر ان فٹ ہوکر ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں اور دنیا کے طویل قامت بولر کے کیریئر پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔ ساڑھے تین سال بعد پاکستان ٹیم میں بائیں ہاتھ کے بیٹسمین فواد عالم کی شمولیت کے امکانات روشن ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرس نے مڈل آرڈر بیٹنگ مضبوط کرنے کے لئے28 سالہ فواد عالم کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
فواد عالم نے آخری مرتبہ 26 ڈسمبر 2010 میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔پاکستان کی جانب سے تین ٹسٹ ،27 ونڈے اور24 ٹوئنٹی 20میں فواد پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق محمد عرفان ایک مرتبہ پھر فٹنس مسائل سے دوچارہوگئے ہیں۔ محمد عرفان ڈومیسٹک ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں ملتان ٹائیگرس کی نمائندگی کررہے تاہم وہ ایونٹ کے صرف دو مقابلوں میں 5 اوورسکرا سکے۔ ملتان کی جانب سے آخری میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے وہ گرے اور ان کوکولہے میں اسی جگہ فریکچر ہوا جہاں وہ جنوبی افریقہ کے خلاف دبئی کے ٹوئنٹی 20 مقابلے میں ہوا تھا۔ ڈاکٹروں کے بموجب انہیں فٹ ہونے کے لئے دو ماہ کا وقت درکا ر ہے۔ فریکچر دوبارہ ہونے کی وجہ سے عرفان کو آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ انہیں ایک مرتبہ پھر پٹھوں میں کھنچاؤ کی تکلیف ش
روع ہوگئی جس کے باعث انہیں واپس لاہور بھیج دیا گیا ہے۔ محمد عرفان کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پی سی بی کی میڈیکل ٹیم علاج کررہی ہے اور فاسٹ بولر کی ایشیاء کپ میں شرکت مشکوک دکھائی دیتی ہے۔
عرفان کو پی سی بی نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ متحدہ عرب امارات بھیجا تھا جہاں ٹیم کے فزیو ڈیل نائیلر کی نگرانی میں ٹریننگ کرتے ہوئے اپنی فٹنس کو بہتر کیا تھا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس وقت بھی عرفان کی فٹنس بین الاقوامی معیار کی نہیں تھی جس کے باوجود انہیں ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا۔ علاوہ ازیں زخمی کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت پر بھی تنازعہ ہوا ہے۔