اوساکا، 29 جون (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کی جاپان کے اوساکا میں جی- 20 سربراہی اجلاس سے الگ بہت سے ممالک کے سربراہان سے ملاقات کا سلسلہ جاری ہے اور اسی طرح ایک موقع کو آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے بے حد خاص بناتے ہوئے ’اعلان ‘کر دیا کہ ہندوستانی وزیر اعظم بہت اچھے ہیں۔
آسٹریلوی وزیر اعظم نے جمعہ کو مسٹر مودی کے ساتھ سیلفی لی اور انہوں نے اسے ’کتنے اچھے ہیں مودی‘ کے عنوان سے ٹوئٹر پر پوسٹ کی۔ مسٹرا سکاٹ نے اپنی ٹوٹی پھوٹی ہندی میں کہا’’کتنا اچھا ہے مودی‘‘۔
اس سیلفی کو سوشل میڈیا پر بہت پسند کیا جا رہا ہے۔ دونوں رہنماؤں کی کھل کر ہنستے ہوئے یہ سیلفی ہے۔
مسٹرمودی نے ہفتہ کو برازیل اور انڈونیشیا کے صدور سے ملاقات کی۔انہوں نے گزشتہ دو دنوں کے دوران امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، روس کے صدر ولادیمیر پوٹن، جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے اور چین کے رہنما شی جن پنگ سمیت دنیا کے کئی اہم رہنماؤں سے ملاقات کی ہے اور ان کے ساتھ دو یا کثیر جہتی بات چیت کی ہے۔