جموں، یکم جولائی (یو این آئی) جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ میں ایک مسافر بس کے گہری کھائی میں گرنے سے کم از کم 32 افراد ہلاک جبکہ دیگر آدھ درجن زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ ہلاکت خیز سڑک حادثہ پیر کی صبح قریب آٹھ بجکر 40 منٹ پر پیش آیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق پہاڑی ضلع کشتواڑ میں کیشون سے ضلع ہیڈکوارٹر کشتواڑ جارہی ایک منی بس کیشون میں ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ایک گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں کم از کم 32 افراد ہلاک جبکہ دیگر آدھ درجن زخمی ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ حادثہ پیش آنے کے فوراً بعد مقامی لوگ، پولیس اور دیگر محکموں کے عہدیدار و اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے اور بچائو کارروائی شروع کی۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کے لئے ضلع ہسپتال کشتواڑ منتقل کیا گیا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی منی بس میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے۔
کشتواڑ میں یہ ہلاکت خیز سڑک حادثہ مغل روڑ حادثے کے محض چار روز بعد پیش آیا ہے۔ بتادیں کہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں پیر کی گلی علاقے میں تاریخی مغل روڑ پر 27 جون کو پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثے میں کم از کم 11 افراد بشمول 9 طالبات از جان جبکہ دیگر 7 زخمی ہوئے۔