نئی دہلی،3جولائی (یواین آئی)مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے چاندنی چوک علاقے میں دو فریقوں کے درمیان ہوئے تشدد کے معاملے میں دہلی کے پولیس کمشنر امولئے پٹانائک کو بدھ کو طلب کیا اور ان سے صورت حال کی معلومات لی۔
مسٹر شاہ کے پارلیمنٹ میں واقع دفتر میں مسٹر پٹنائک نے ان سے ملاقات کی اور انہیں چاندنی چوک علاقے میں امن و قانون کی صورت حال اور ملزمین کے خلاف دہلی پولیس کی جانب سے کی گئی کارروائی سے واقف کرایا۔
پولیس کمشنر نے وزیر داخلہ سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے مسٹر شاہ کو معاملے کی معلومات دی ہے۔
واضح رہے کہ حوض قاضی میں اتوار کی رات تقریباً ساڑھے دس بجے ایک مقامی پھل فروش سنجیو گپتا کی عاص محمد نامی ایک شخص سے اس کے گھر کے باہر گاڑی کھڑی کرنے کے سلسلے میں بحث ہوگئی تھی۔بعد میں مبینہ طورپر عاص محمد کچھ اور لوگوں کو ساتھ لے کرآیا اور سنجیو کے گھر پر حملہ کردیا تھا۔حملے میں ایک نابالغ سمیت تین افراد گرفتار کئےجاچکے ہیں۔
پولیس اور مرکزی ریزرو پولیس فورس کے 1000 سے زیادہ اہلکاروں کو علاقے میں تعینات کردیاگیا ہے۔یہاں دکانیں اتوار سے ہی بند ہیں اور مقامی لوگوں نے ایک امن مارچ نکالاہے۔
مقامی رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن اور بی جےپی رکن پارلیمنٹ وجے گوئل نے پیر کو علاقے کا دورہ کیا اور لوگوں سے امن اور بھائی چارہ برقرار رکھنے کی اپیل کی۔