گورکھپور: بالو کھدائی کے سلسلہ میں ہوئے تنازعہ میں ٹرانسپورٹ نگر چوراہے پر فائرنگ کرنے اور فساد برپا کرنے سے متعلق مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ گولی لگنے سے زخمی دونوجوانوں کی جانب سے کوئی تحریر نہ ملنے پر بیتیا احاطہ چوکی انچارج نے سات افراد کو نامزد کیا ہے۔ واضح ہو کہ گزشتہ پیر کو دوگروپوں میں بالو کھدائی کے معاملے میں ٹرانسپورٹ نگر چوراہے پر سمجھوتہ کی بات چیت کے لئے ہونے والی پنچایت میں ایک گروہ نے فائرنگ کردی تھی۔ فائرنگ کی زد میں آنے سے وجے پرکاش اور سنی زخمی ہوئے تھے۔فائرنگ سے قبل لاٹھی ڈنڈے سے بھی ایک نوجوان زخمی ہواتھا۔زخمیوں کو اسپتال پہنچانے کے بعد پولیس نے تین افراد کو حراست میں لے لیاتھا۔حراست میں لئے ملزمان سے پولیس تفتیش کررہی ہے۔تحقیقات میں بالو کھدائی کا معاملہ سامنے آیا۔کسی گروہ کی جانب سے کوئی تحریر پولیس کو نہیں ملی جس کی وجہ سے بیتیااحاطہ چوکی کے انچارج رام دون موریہ نے سنتوش یادو ،ببلو یادو،جیتن یادو،رام اشیش یادو کے خلاف فساد ،مارپیٹ کا مقدمہ درج کیا ہے۔انسپکٹر کینٹ سرجیت رائے نے بتایا کہ حراست میں لئے گئے ملزمین کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔مفرور ملزموں کی تلاش جاری ہے۔