لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ رجدھانی سے لگژری کاریں چوری کر کے بہار اور راجستھان میں فروخت کرنے والے دو شاطر کارچوری کرنے والوں کو غازی پور و کرائم برانچ کی مشترکہ ٹیم نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے چوری کی تین لگژری گاڑیاں برآمد کی ہیں۔ گروہ میں شامل تین دیگر چور ابھی تک فرار ہیں۔ پولیس انہیں سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق ایس پی جرائم رویندر کمار سنگھ نے بتایا کہ اتوارکی صبح کرائم برانچ اور غازی پور کی مشترکہ ٹیم نے مخبر کی اطلاع ملنے کے بعد گومتی نگر سے پالی ٹیکنک کی طرف آنے والی ایک بولیرو اور ایک ورنا کار کو روک لیا۔ پولیس نے جب دونوں کار چلانے والوں
سے گاڑی کے کاغذات مانگے تو وہ کاغذات نہیں دکھا سکے۔ شک کی بنیاء پر پولیس نے جب دونوں سے سختی سے پوچھ گچھ کی تو دونوں نے بتایا کہ بولیرو اور ورنا کار انہوں نے مڑیاؤں علاقہ سے چوری کی تھی۔ گرفتار چوروں نے اپنا نام گونڈہ کا باشندہ محمد ناصر اور بلیا کا باشندہ راگھویندر کمار سنگھ بتایا۔ راگھویندر غازی پور کے اندرا نگر سیکٹر ڈی میں رہتا تھا۔
پولیس نے راگھویندر کے گھر سے بھی چوری کی ایک انڈیکا کار برآمد کی ہے۔ ایس پی جرائم نے بتایا کہ گاڑی چوری کرنے والے مذکورہ گروہ میں شامل تین دیگر چوروں کے بارے میں پولیس کو معلوم ہوا ہے اور پولیس انہیں تلاش کر رہی ہے۔ گرفتار راگھویندر چوری کی گاڑیوں کے فرضی کاغذات تیار کرنے کے بعد انہیں فروخت کر دیتا تھا۔ گرفتار گاڑی چوروں نے بتایا کہ وہ چوری کی گاڑیوں کو بہار اور راجستھان میں فروخت کرتے تھے ان کے گروہ میں ایک ایسا شخص بھی ہے جو لیپ ٹاپ کی مدد سے گاڑیوں کے الیکٹرانک لاک بھی کھول دیا کرتا تھا۔