غازی آباد، 18 جولائی (یواین آئی) اترپردیش میں غازی آباد کے صاحب آباد علاقے میں پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے مقامی پولیس کے ساتھ مل کر تصادم میں کار سوار ایک لاکھ روپے کے انعامی بدمعاش کو مار گرایا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
یہ اطلاع سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ سدھیر کمار نے جمعرات کو یہاں دی. انہوں نے بتایا کہ صاحب آباد علاقے کے کوئل انكلیو میں جمعرات کی رات تقریباً ساڑھے 12 بجے پولیس ٹیم نے کار سوار بدمعاشوں کو روکنے کی کوشش کی۔ اس پر بدمعاشوں نے پولیس پر گولی چلانی شروع کر دی۔ بدمعاشوں کی گولی سے ایس ٹی ایف کے ہیڈ کانسٹبل انل کمار اور کانسٹیبل ہری اوم زخمی ہو گئے. ایس ٹی ایف نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی جس میں بلند شہر کوتوالی علاقے کا رہنے والا اور ایک لاکھ روپے کا انعامی بدمعاش مہربان مارا گیا۔ اس دوران اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ مہربان کے خلاف لوٹ مار قتل وغیرہ کے تقریباً 35 معاملے درج ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ بدمعاش گوتم بدھ نگر ضلع کے جارچہ علاقے میں ہونے والی 65 لاکھ روپے کی لوٹ میں مطلوب تھا۔ بد معاش کی گاڑی سے ایک لائسنس شدہ بندوق کے علاوہ، ایک طمنچہ اور دیسی ریوالور اور کارتوس برآمد کئے گئے ہیں. پولیس فرار بدمعاشوں کی تلاش کر رہی ہے۔ زخمی پولیس اہلکاروں کو اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔