لکھنؤ(نامہ نگار)بازارکھالہ علاقے میں رہنے والے ایک قرض ایجنٹ کو قتل کر دیاگیا۔ قتل کے بعد قاتلوں نے لاش کی شناخت کو چھپانے کیلئے جلا دیا۔ اس کی لاش تالکٹورہ میں ایک پارک میں پڑی ملی۔ پولیس نے اس معاملہ میںمتوفی کے تین ساتھیوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے قتل میں استعمال کی گئی اینٹ، موٹرسائیکل، اسکوٹی اور پیٹرول کی بوتل برآمد کی ہے۔ شراب کے نشے میں ہوئے تنازعہ کے سبب تینوں نے مل کر قرض ایجنٹ کا قتل کیا تھا۔
سی او بازار کھالہ سرویش کمار مشرا نے بتایا کہ کٹر
ا خدایار خاں میں رہنے والے ۳۵سالہ لوکش مشرا بینکوں سے قرض دلانے کا کام کرتاتھا۔ہفتہ کو وہ پیدل ہی گھر سے کسی کام کیلئے نکلا۔ اس کے بعد وہ غائب ہو گیا۔ دیر رات تک جب وہ گھر نہیں پہنچا۔ تو اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کی۔ لیکن اس کا کوئی پتہ نہ چل سکا۔اتوار کو تالکٹورہ کے کھتری لان کے نزدیک بنے پارک کی جھاڑیوں میں ایک لاش لوگوں کو نظر آئی۔ اطلاع ملنے پر تالکٹورہ پولیس موقع پرپہنچی۔ مقتول کے سر پر چوٹ کے کئی نشانات موجود تھے اورلاش جلی ہوئی تھی ۔
تلاشی کے دوران پولیس کو متوفی کے پاس سے ایک آدھارکارڈ ملا جس سے اس کی شناخت ہو سکی اور اس کے اہل خانہ کو خبر دی گئی۔ اطلاع ملنے پر اس کے اہل خانہ موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے لاش کی شناخت کی۔ تحقیقات کے بعدپولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس نے لوکش کے اہل خانہ کی تحریر پر قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تفتیش کے دوران پولیس کو سرویلانس کی مدد سے سعادت گنج تھانہ حلقہ چوپٹیاں کے رہنے والے فائننس ایجنٹ جتندر کا نام روشنی میں آیا۔ پولیس نے اس کے بعد جتندر کو حراست میں لے لیا۔ پہلے تو اس نے پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی لیکن بعد میں اس نے لوکش کے قتل کا اقبال کر لیا۔ ملزم نے لوکش کے قتل میں شامل دوسرے ملزم ٹھاکر گنج کے رہنے والے اجے شرما اور اس کے بھانجے انشو کانام بتایا۔ کرائم برانچ اور تالکٹورہ پولیس نے ان دونوںکو بھی گرفتار کر لیا۔ پولیس نے تینوںملزمان کی نشاندہی پر قتل میں استعمال اینٹ ، موٹرسائیکل اور پیٹرول کی بوتل برآمد کی۔
جتندر نے پولیس کو بتایا کہ وہ لوکش کو اپنے گھر لے گیا تھا اس کے بعد جتندر لوکش اجے اور انشو نے خوب شراب پی۔ دیر رات یہ لوگ سروودے پارک میں شراب پی رہے تھے شراب کے نشے میں لوکش نے جتندر کی بیوی کے بارے میں قابل اعتراض باتیںکہیں۔ جس سے ناراض ہو کر پہلے جتندر پھر اجے اور انشو نے اس کے سر پر اینٹ سے حملہ کر کے اس کا قتل کر دیا۔ قتل کے بعدلاش کی شناخت ختم کرنے کیلئے یہ لوگ ایک بوتل پیٹرول خرید کر لائے اور اس کی لاش کو جلا دیا۔
شک کے دائرہ میں آیا شخص بری الذمہ
لو کش قتل معاملہ میں مشتبہ شخص کو پولیس نے کلین چٹ دے دی ہے۔ سی او بازار کھالہ سرویش کمار مشرا نے بتایا کہ قرض دینے والے ایجنٹ لو کش قتل کے معاملہ میں پولیس نے سعادت گنج کے باشندے نیرج ورما پر قتل کا شک ظاہر کیاتھا جبکہ نیرج ورما کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ دو دن قبل نیرج نے گھر آکر لوکش کو گالی دی تھی۔ پولیس نے شک کی بنیاد پر نیرج سے پوچھ گچھ کی تو نیرج نے پولیس کو جتیندر کا نام بتایا اور کہا کہ کل رات جتیندر لو کش کے ساتھ موجود تھا۔ اس کے بعد پولیس نے یکے بعد دیگرے قتل میں ملوث تینوں ملزمین کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے انکشاف کے بعد مشتبہ نیرج کو پولیس نے کلین چٹ دے دی۔