اترپردیش کے ضلع رائے بریلی کے گروبخش گنج علاقے میں اتوار کو ہوئے سڑک حادثے میں شدید طور سے زخمی اناؤ ریپ کیس متاثرہ کے چچا نے پیر کو بی جے پی رکن اسمبلی و عصمت دری کے ملزم کلدیپ سنگھ سینگر ودیگر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا ہے۔
لکھنؤ زون کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس راجیو کرشنا نے بتایا کہ متاثرہ کے چچا کی تحریر پر رائے بریلی کے گروبخش تھانے میں بی جے پی رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ، ان کے بھائی منوج سنگھ سمیت دس کے خلاف نامزد جبکہ 15 سے 20 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
وہیں اناؤ کی ایک جیل میں عصمت دری کے الزام میں قید متأثرہ کے چچا مہیش سنگھ نے 72 گھنٹے کی پیرول مانگی ہے۔ مہیش سنگھ رائے بریلی سڑک حادثے میں مرنے والی پشپا سنگھ کے شوہر ہیں۔
یہ ہے معاملہ
اناؤ کے رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر پر عصمت دری کا الزام لگانے والی متاثرہ اپنے کنبہ سمیت اتوار کو رائے بریلی میں سڑک حادثہ کا شکار ہو گئی۔ کار اور ٹرک کے تصادم میں متاثرہ کی چچی اور ایک دیگر خاتون کی موت ہو گئی جبکہ حادثے میں وکیل مہیندر سنگھ چوہان اور ریپ متاثرہ کی حالت سنگین ہے۔ وہیں، انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ حادثہ میں زخمی دونوں لوگوں ( ریپ متاثرہ اور اس کے وکیل) کے علاج کے لئے ریاستی حکومت تمام طبی اخراجات برداشت کرے گی۔ بتا دیں کہ زخمیوں کا کنگ جارج میڈیکل یونیورسیٹی کے ٹراما سینٹر میں علاج چل رہا ہے۔