اترپردیش کے ضلع رائے بریلی میں سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے اناؤ ریپ کیس کی متاثرہ کے بعد اب ان کے وکیل کو بھی منگل کے دن نئی دہلی کے ایمس میں بھرتی کردیاگیاہے۔
اترپردیش کے ضلع رائے بریلی میں سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے اناؤ ریپ کیس کی متاثرہ کے بعد اب ان کے وکیل کو بھی منگل کے دن نئی دہلی کے ایمس میں بھرتی کردیاگیاہے۔متاثرہ کے وکیل کو کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی(کے جی ایم یو) سے لکھنؤ ائیرپورٹ پرلایا گیا اور پھر وہاں سے دہلی کے ایمس کے لئے ائیر ایمبولنس کے ذریعہ لے جایا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 28 جولائی کو رائے بریلی میں سڑک حادثے میں شدید طور سے زخمی ہونے والی اناؤ ریپ متاثرہ کو پیر کے دن سپریم کورٹ کی ہدایت پر دہلی کے ایمس میں داخل کرایاگیاہے۔اس سڑک حادثے میں متاثرہ کی دو دیگر اہل خانہ کی موت ہوگئی تھی۔ لکھنؤ کی ضلع انتظامیہ نے میڈیکل کالج سے ائیر پورٹ تک ایمبولنس کے پہنچنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے تھے۔ پیر کی دوپہربعد تک لکھنؤ کے ٹراما سینٹر میں متاثرہ کی دیکھ بھال کرنے والے ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کی حالت ’نازک لیکن مستحکم ‘ ہے۔