کانپور : بیکن گنج تھانہ حلقہ میں اسٹیٹک ٹیم نے چیکنگ کے دوران کار سے سواتین لاکھ روپئے نقد برآمد کئے۔پوچھ گچھ کے دوران ٹیم کو کار سوار تاجروں نے رقم کے سلسلہ میں بازار سے خریداری کرنے کی بات کہی۔ فی الحال ٹیم نے انکم ٹیکس حکام کو اطلاع دیتے ہوئے برآمد رقم کے بارے میں تاجروں سے دستاویز طلب کئے ہیں۔لوک سبھا الیکشن میں سیاہ دولت کے استعمال کو روکنے کے لئے اسٹیٹک ٹیم کے ذریعہ
گاڑیوں کی چیکنگ مہم چلائی جارہی ہے۔ اسی سلسلہ میں سنیچر کو بیکن گنج واقع طلاق محل کے نزدیک سدبھاونہ چوکی پر اسٹیٹک ٹیم کے افسر ڈی کے گپتااور چوکی انچارج اجیت کمار رائے پولس ٹیم کے ساتھ گاڑیوں کی چیکنگ کررہے تھے۔ اسی دوران ہردوئی ضلع کی نمبر پلیٹ والی مارشل کار آتی نظر آئی۔ انہوں نے کار کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران کار میں رکھے بیگ سے تین لاکھ ستائیس ہزار روپئے نقد برآمد ہوئے۔ ٹیم نے کارمیں سوار لوگوں سے تفتیش شروع کردی۔ پوچھ گچھ میں انہوں نے اپنا نام ملاواں کے باشندے ذاکر حسین،حاجی محمد شعیب، شرف الدین، اکرم اور فیروز بتایا۔پکڑے گئے لوگوں نے افسران کو بتایا کہ ان کی ملاواں میں کپڑے اور پرچورن کی دکانیں ہیں۔ مال خریدنے کے لئے سبھی ایک ساتھ شہر آئے تھے۔ اسٹیٹک ٹیم نے رقم کو لیکر انکم ٹیکس افسران کو اطلاع دی۔ موقع پر پہنچے انکم ٹیکس حکام نے تاجروں سے رقم سے متعلق دستاویز دکھائے جانے پر ہی رقم چھوڑنے کی بات کہی۔