بولی وڈ میں بادشاہ کہلائے جانے والے شاہ رخ خان نے اپنے پورے کیریئر ہندی سینما انڈسٹری پر راج کیا ہے اور وہ صرف اپنی بہترین اداکاری ہی نہیں بلکہ اپنے شاہانہ انداز کے حوالے سے بھی جانے جاتے ہیں۔
شاہ رخ خان کا ممبئی میں موجود گھر بھی ہمیشہ سے صرف مداحوں کی ہی نہیں بلکہ بولی وڈ کے دیگر اسٹارز کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔
مداح ہمیشہ سے ہی شاہ رخ اور گوری خان کے اس خوبصورت گھر کا نظارہ دیکھنے کے خواہش مند رہے، اس کی ایک بڑی مثال یہی ہے کہ سالوں سے کنگ خان کے گھر کے باہر ان کے مداحوں کی بھیڑ لگی رہتی ہے جو نہ صرف اداکار سے ملاقات کرنے کے خواہش مند ہوتے بلکہ ان کا گھر بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔
اور اب گوری خان نے خود ایک نئے فوٹو شوٹ کے ذریعے مداحوں کو اپنے گھر منت کا ایک دورہ کروادیا۔
گوری خان نے ووگ انڈیا کے ساتھ ایک فوٹو شوٹ کیا جس میں انہوں نے اپنے گھر کی تصاویر شیئر کی جو انہوں نے خود ڈیزائن کیا ہے۔
خیال رہے کہ کنگ خان نے اپنے گھر کو ‘منت’ کا نام دیا، جو ان کے مطابق واقعی ان کی منت ہی ہے، کیوں کہ کیریئر کے آغاز میں شاہ رخ خان نے خود سے وعدہ کیا تھا کہ ایک دن وہ ممبئی میں ایسا گھر بنائیں گے جو بےحد شاندار ہوگا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان کا یہ گھر ان کی اہلیہ گوری خان نے ہی ڈیزائن کیا جو پیشے سے انٹیریئر ڈیزائنر بھی ہیں۔