جنیوا ۔ افریقی ملک ایتھوپیا کی ائیر لائن کا ایک طیارہ پیر کی صبح ہا ئی جیک کر لیا گیا ہے۔ جس کے بعد اس اغوا کیے گئے طیارے کو جنیوا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتارا گیا ہے۔
ائیر پورٹ کے حفاظتی عملے نے اترنے والے اس طیارے کو گھیرے میں لے لیا ہے، تاہم فوری طور پر مسافر طیارے کے اغوا کی وجوہات اور اغوا کاروں کے مطالبات کے بارے میں باضابطہ طور پر کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔
بوئنگ طیارہ 300۔767 عدیس ابابا سے روم کیلیے پرواز کرتے ہوئے سوڈان سے گذر رہا تھا کہ اسے اغوا کر لیا گیا تھا۔ طیارے کو صبح چار اٹلی میں اترنا تھا لیکن ہائی جیکر اسے جنیوا لے گئے۔
ائیر پورٹ انتظامیہ نے اس اغوا کیے گئے طیارے کے اتارے جانے کے بعد ائیر پورٹ کو دیگر تمام پروازوں کے لیے بند کر دیا ہے۔
ایتھوپین ائیر لائن کی طرف سے جاری کردہ ایک اخباری بیان میں طیارے پر سوار تمام مسافروں اور عملے کے خیریت سے ہونے کا بتایا ہے۔ بیان میں اس پرواز کے جبراً اغوا کیے جانے کا بھی مختصرا ذکر کیا گیا ہے۔
تاہم ابھی متعلقہ ذرائع سے تفصیلات کا انتظار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کچھ ہی دیر میں اغوا کاروں اور ان کے مطالبات سے متعلق حقائق سامنے آجائیں گے۔