واشنگٹن…امریکا میں شٹ ڈاوٴن کو ایک ہفتہ گزر گیا مگر ڈیموکریٹ اور ری پبلکن میں کوئی ڈیل نہ ہوسکی۔
دونوں جماعتیں تعطل کا ذمے دار ایک دوسرے کو ٹھہرا رہی ہیں۔امریکا میں مختلف سرکاری محکموں کی بندش کو ایک ہفتہ ہوگیا اور لاکھوں سرکاری ملازمین بے یقینی کا شکار ہیں۔ مالیاتی بل اور قومی قرض کی حد میں اضافے پر دونوں جماعتوں کے درمیان اب تک کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکا۔
ماہرین کے مطابق اگر 17 اکتوبر تک قومی قرض کی سطح میں اضافے کی منظوری نہ دی گئی تو امریکا میں معاشی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
سینیٹ میں مالیاتی بل پر بحث کے دوران دونوں جماعتوں نے شٹ ڈاوٴن کی ذمے داری ایک دوسرے پر عائد کی۔ ڈیموکریٹ رہنما ہیری ریڈ نے دعویٰ کیا کہ سینیٹ کے ارکان کی اکثریت اخراجات کے بل کی منظوری کے حق میں ہے تاہم اسپیکرجان بوہینر رائے شماری میں تاخیر کررہے ہیں۔ اس سے قبل امریکی صدر بارک اوباما اعلان کرچکے ہیں کہ وہ ان معاملات پر اپوزیشن سے کوئی مذاکرات نہیں کریں گے۔