بغداد، 17 فروری(یو این آئی)اپنی حکمت عملی سے امریکہ کو کئی مرتبہ ناکوں چنے چبانے کے لئیمجبور کردینے والیعراق کے انتہائی بااثر اور طاقتور شیعہ رہنما مقتدیٰ الصدر نے سیاست سے کنارہ کش ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ مسٹر صدر کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ الصدر خاندان کے وقار اور عزت کو محفوظ رکھنے کے لیے سیاست کو خیر باد کہہ رہے ہیں۔ وہ تمام سیاسی معاملات میں مداخلت سے دور ہو رہے ہیں اور عراقی سیاست میں کوئی بلاک اْن کی نمائندگی نہیں کرے گا۔انہوں نے سیاست سے کنارہ کش ہونے کا اعلان اپنی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے تحریر شدہ پیغام میں کیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی فوج کی عراق میں موجودگی کے درمیان اْن کی مہدی ملیشیا نے کئی جھڑپوں میں امریکی فوج کو سخت مزاحمت دی تھی۔مقتدیٰ الصدر کے بیان کے مطابق وہ مستقبل میں نہ کوئی سرکاری عہدہ لیں گے اور نہ ہی ان کی پارلیمان میں کوئی نمائندگی ہوگی۔مقتدیٰ الصدر اور ان کی شیعہ ملیشیا مہدی آرمی سنہ 2003 میں امریکہ کے عراق پر حملے کے بعد منظرِ عام پر آئی تھی۔