نئی دہلی، 31 اگست (یواین آئی) گوگل نے اپنی تحریروں سے لوگوں کے دل و دماغ پر نقش چھوڑنے والی مشہور پنجابی مصنفہ امرتا پریتم کی 100 ویں جینتی پر ان کے اعزاز میں اپنے ہوم پیج پر ان کا خوبصورت ڈوڈل بنایا ہے۔
امرتا پریتم کی پیدائش غیر منقسم ہندوستان کے پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ (اب پاکستان میں) میں 31 اگست 1919 کو ہوئی تھی۔ انہوں نے لاہور میں اپنی تعلیم مکمل کی تھی اور ان کی زندگی کابیشتر وقت وہیں گزرا تھا۔انہیں نوجوانی ہی میں شاعری، کہانی، ناول اور مضامین لکھنے کا بہت شوق تھا۔ جب وہ 16 سال کی تھیں تب ان کی شاعری کا پہلا مجموعہ شائع ہوا تھا۔
ہندوستان -پاکستان تقسیم پر لکھی گئی ان کی شاعری ’اج آنكھن وارث شاہ نو‘ بہت مشہور ہے۔ اس نظم میں ملک کی تقسیم کے وقت پنجاب میں ہوئے خوفناک واقعات کا درد بیان کیا گیا ہے۔ سرخیوں میں چھائے ناول ’پنجر‘ ہندوستان -پاکستان کی تقسیم کے پس منظر پر مبنی ہے جس پر 2002 میں بالی ووڈ میں اسی نام سے ایک فلم بھی بنائی گئی تھی۔