ہندوستان اور پاکستان کے رشتوں میں فی الحال کافی کشیدگی ہے ۔ جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 ختم کئے جانے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے ۔
گزشتہ کئی سالوں سے ہندوستان اور پاکستان میں تلخی ہے ، جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کئی سالوں سے کرکٹ میچ نہیں ہورہے ہیں ۔ صرف آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل کے میچوں میں ہی دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوتی ہیں ، لیکن ایک وقت ایسا بھی تھا جب کچھ کھلاڑیوں نے دونوں ممالک کیلئے بین الاقوامی کرکٹ کھیلی تھی ، ان میں سے ایک نام عامر الہی کا تھا ۔ ان کی پیدائش آج ہی کے دن ہوئی تھی ، یعنی یکم ستمبر 1908 کو لاہور میں ہوئی ۔ 39 سال بعد 1947 میں آزادی کے کچھ وقت بعد انہوں نے ہندوستان کی طرف سے ٹیسٹ میچ کھیلا تھا ۔ آسٹریلیا کے خلاف وہ ہندوستان کی جانب سے کھیلے تھے ۔
الہی کو گیند باز کے طور پر شامل کیا گیا تھا ، لیکن وہ ایک بھی گیند نہیں کرسکے تھے ۔ بلے بازی میں انہیں موقع ملا تھا ۔ ہندوستان کی طرف سے پہلی اننگز میں وہ 10 ویں نمبر پر بلے بازی کیلئے آئے تھے اور چار رن بنائے تھے ۔ اس کے بعد دوسری اننگز میں وہ اوپن کرنے کیلئے اترے تھے ، جس میں انہوں نے 13 رن بنائے تھے ۔ اس میچ میں ہندوستان نے پہلی اننگز میں 188 رن بنائے تھے ، جس کے جواب میں میزبان آسٹریلیا 107 رن پر آوٹ ہوگئی تھی ۔ اس ٹیم میں ڈان بریڈمین بھی کھیل رہے تھے ۔ حالانکہ دوسری اننگز میں ہندوستان نے صرف 61 رن پر سات وکٹ گنوا دئے تھے ۔ یہ میچ ڈرا ہوا تھا ۔
عامر الہی کیلئے یہ ہندوستانی ٹیم میں آخری میچ تھا ۔ اس کے بعد انہوں نے مزید پانچ ٹیسٹ میچ کھیلے ، لیکن یہ سبھی میچ انہوں نے پاکستان کی طرف سے ہندوستان کے خلاف کھیلے ۔ ان میں سے دو میچ ہندوستان نے جیتا اور ایک پاکستان کے نام رہا جبکہ دو میچ ڈرا رہے تھے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کا آخری بین الاقوامی میچ ہندوستان کے خلاف ہی تھا ۔ 1952 میں چنئی ٹیسٹ میں انہوں نے اپنا سب سے زیادہ اسکور 47 رن بنایا تھا ۔ انہوں نے اپنے کیرئیر میں چھ ٹیسٹ میچ میں کل 82 رن بنائے اور سات وکٹ لئے ۔