جمیکا ٹیسٹ میں ہنوما وہاری ، وراٹ کوہلی ، مینک اگروال اور یہاں تک کہ ایشانت شرما نے بھی اپنی بلے بازی کا دم دکھایا ، لیکن ٹیم انڈیا میں ایک ایسا بلے باز بھی ہے جو مسلسل ناکام ہورہا ہے اور اب وہ ٹیم انڈیا کیلئے بوجھ بن رہا ہے ۔
یہ کھلاڑی کوئی اور نہیں بلکہ سلامی بلے باز کے ایل راہل ہیں جو گزشتہ کافی دنوں سے بطور ٹیسٹ سلامی بلے باز فلاپ رہے ہیں ۔ بھلے ہی کے ایل راہل کو تکنیکی طو رپر مضبوط بلے باز مانا جاتا ہے ، لیکن ایسی تکنیک کا کیا فائدہ جو ٹیم کے کام ہی نہ آئے ۔
بتادیں کہ کے ایل راہل گزشتہ ایک سال سے ٹیسٹ فارمیٹ میں خراب کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ کے ایل راہل کو ٹیسٹ میں آخری نصف سنچری بنائے 11 اننگز ہوچکی ہیں ۔ انہوں نے آخری مرتبہ ٹیسٹ میں 50 سے زیادہ رنوں کی اننگز اکتوبر 2018 میں انگلینڈ دورے پر کھیلی تھی ۔ بڑی بات یہ بھی ہے کہ اس دوران راہل نے چھ اننگز ویسٹ انڈیز جیسی کمزور ٹیموں کے خلاف کھیلی ہیں ، لیکن اس کے باوجود وہ نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے ۔
سال 2018 میں کے ایل راہل نے 12 ٹیسٹ میچوں میں 468 رن بنائے اور ان کا اوسط صرف 22.28 تھا ۔ اس سال وہ تین ٹیسٹ کھیل چکے ہیں اور ان کا اوسط 26 ہے ۔ بیرون ممالک کے ایل راہل کا اوسط صرف 30 ہے ، جو کسی بھی طرح صحیح نہیں ہے ۔ آسٹریلیا ، انگلینڈ ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف ان کا اوسط 40 سے نیچے ہے، جو کہ ایک سلامی بلے باز کے طور پر قطعی اچھا نہیں کہا جاسکتا ۔