لکھنؤ : ون وائس تنظیم اور ریاستی للت کلا اکادمی کے زیر اہتمام محرم کی تصاویراور پینٹنگ نمائش ریاستی للت کلا اکادمی میں شروع ہوگئی۔ا نسانیت (مانوتا) کی کینڈل جلاکر نمائش کا افتتاح کیا گیا۔
نمائش کا افتتاح ایرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر عباس علی مہدی ، وائس چانسلر معین الدین چشتی یونیورسٹی پروفیسر ماہ رخ مرزا، سابق ڈی جی پی رضوان احمدامیر حیدر، مہنت دویہ گری ، سوامی سارنگ، ایس این لال اور سید رفعت نے کیا۔
امام حسین نے انسانیت کو بچانے کیلئے اپنی و اپنے پورے خاندان اور دوستوں کی قربانی کربلامیں دے دی تھی۔ ان ہی کی اس قربانی کی یاد میں نمائش کا اہتمام ہر سال محرم میں کیا جاتاہے۔ نمائش میں لکھنؤ کے علاوہ حیدر آباد، دہلی ، شاہجہانپور ، بریلی، آگرہ، کانپور، امروہہ ، علی گڑھ اور بارہ بنکی کے محرم کی تصاویر کو پیش کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لندن، بحرین، اسپین ، ڈھاکہ و ناروے سے تصاویر اور پینٹنگ آئی ہیں۔ نمائش میں سے ۸۰ طلبا کی تصاویر اور۴۵ کی پینٹنگ کی نمائش کی گئی ہے۔
نمائش میں روی کپور، اعظم حسین، معجز حسین، پوروی چودھری، سجادباقر ، سیف حسین، نجم الحسن، عندلیب والٹر، ساحل صدیقی، عون نقوی، محمد اشہر، شبیہ رضا، انکت سنگھ ،ندیم نقوی، عباس کاظم، آشوتوش ترپاٹھی، کمیل علی اور نیرج کمار کی تصاویر ہیں تو غیر ملکی فوٹو گرافروں نے روبی ایچ حیدر لندن ، مصدق رضا قمی ایران، سرمدعلی نعیمی عراق، احسن رضوی اسپین کی تصاویر کو پیش کیا گیا ہے۔
وہیں پینٹنگ فنکاروں میں شیام ورما،محمد قمر، انیتا نارائن، سشما کمار، تبسم، صبیحہ حسن، شبلی خان، وسیم ادریسی، ڈاکٹر شگفتہ خانم،ڈاکٹر درگانا سعید، رینو بہل ، ہیما،عمران بیگ، نیہا باجپئی، تنو پریہ، رادھیکا سنگھ اور اجراو آستھا کے علاوہ کرامت کالج کی طالبات کی پینٹنگ لگائی گئی ہیں۔