نئے موٹر وہیکل ایکٹ کی وجہ سے لوگوں کے جہاں بھاری بھرکم چالان کاٹے جارہے ہیں ، وہیں چالان کی رقم کے سارے ریکارڈ توڑنے والا ایک معاملہ دہلی میں پیش آیا ہے ۔ یہاں ایک ٹرک کا دو لاکھ روپے کا چالان کاٹا گیا ہے ۔ رام کشن نام کے ٹرک ڈرائیور کو جرمانہ کے طور پر دو لاکھ پانچ سو روپے کا چالان بھرنا پڑا ۔
اتنا بھاری بھرکم چالان بھرنے والی ایچ آر 69 سی 7473 ہریانہ نمبر کی گاڑی ہے ۔ الزام ہے کہ ٹرک میں 43 ٹن سامان بھرا ہوا تھا جب کہ صرف 25 ٹن لوڈنگ کی ہی اجازت ہے ، اس لئے 18 ٹن زیادہ بتا کر چالان کاٹا گیا ۔ وہیں ٹرک مالک کا کہنا ہے کہ انہیں اس کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا ، یہ ان کے ساتھ نا انصافی ہے ۔
بتادیں کہ دہلی میں یہ اب تک کا سب سے بڑا چالان ہے ۔ ٹرک مالک نے اوور لوڈنگ پر 2 لاکھ 500 روپے کی رقم ادا کی ہے ۔ گزشتہ رات مکربا چوک سے بھلسوا کی طرف جاتے وقت اس ہریانہ نمبر کی گاڑی کا چالان کاٹا گیا تھا ۔ اوور لوڈنگ میں یہ چالان کاٹا گیا تھا ، جس کو آج روہنی کورٹ میں جمع کرایا گیا ۔