گورکھپور (نامہ نگار)بی جے پی کے وزیر اعظم عہدہ کے امیدوار نریند مودی کی چائے کا جواب دینے کے لئے کانگریس کارکنان نے چیتنا تراہے پر نوجوانوں کو راہل گاندھی کے نام پر دودھ پلایا۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی کے ضلع صدر ڈاکٹر سید جمال نے کہا کہ نریندر مودی جو چائے نوجوانوں کو پلارہے ہیں وہ چائے زہریلی اور سماج مخالف ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کی فکر نوجوانوں کو مرض سے نجات دلانے اور صحت مند بنانے کی ہے اس لئے انہیں میٹھا دودھ پلایا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے بعد مرکز میں کانگریس کی ہی حکومت بنے گی۔ ضلع جنرل سکریٹری انورحسین نے کہا کہ ڈاکٹر بھی چائے پینے سے منع کرتے ہیں۔جبکہ نریندر مودی نوجوانوں کوچائے پلا کر بیمار کرنا چاہتے ہیں۔ کانگریس کارکنان ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔ اس موقع پر روہن پانڈے، سنجے چودھری، دھروپ چندر پاسوان، موتی لال یادو، ایوب علی، جتیندر پرجاپتی کے علاوہ سونوکمار ،نادر خان وغیرہ موجود تھے۔